ماہنامہ انوار مدینہ\n
\n٭٭٭\n
\nجلد : ٣٤ ربیع الثانی ١٤٤٨ھ / اکتوبر ٢٠٢٦ء شمارہ : ١٠\n
\nبیاد : قطب الاقطاب عالم ربانی محدث کبیر حضرت اقدس مولانا سید حامد میاں \n
\nفیضانِ نظر : محمود الملّة و الدین شیخ الحدیث حضرت مولانا سید محمود میاں صاحب\n
\n٭٭٭\n
\nمولانا سید رشید میاں صاحب (نگران )\n
\nمولانا نعیم الدین صاحب ( مدیر )\n
\nمولانا سید مسعود میاں صاحب ( نائب مدیر)\n
\nمولانا محمد عابد صاحب ( مدیر معاون)\n
\nمولانا عکاشہ میاں صاحب(مدیر مسئول)\n
\nڈاکٹر محمد امجد صاحب (مدیر منتظم)\n
\n٭٭٭\n
\n\n
\n\n
\n\n
\n\n
\nبدلِ اشتراک\n
\n٭٭٭\n
\nپاکستان فی پرچہ 50 روپے ....... سالانہ 600 روپے\n
\nسعودی عرب،متحدہ عرب امارات..... سالانہ 90 ریال\n
\nبرطانیہ،افریقہ ........................ سالانہ 20 ڈالر\n
\nامریکہ .................................. سالانہ 30 ڈالر\n
\n\n
\n\n
\n\n
\n\n
\nجامعہ مدنیہ جدید کی ویب سائٹ اور ای میل ایڈ ریس\n
\n٭٭٭\n
\nwww.jamiamadniajadeed.org\n
\njmj786_56@hotmail.com\n
\nWhatsapp : +92 333 4249302\n
\n\n
\n\n
\n\n
\n\n
\nترسیلِ زر و رابطہ کے لیے\n
\n٭٭٭\n
\n\'\' جامعہ مدنیہ جدید\'\' محمد آباد19 کلو میٹر رائیونڈ روڈ لاہور\n
\nموبائل : 923334249301+\n
\nموبائل : 923334249302+ \n
\nموبائل : 923234250027+\n
\nجازکیش نمبر : 923044587751+\n
\n\n
\n\n
\n\n
\n\n
\nدارُالافتاء کا ای میل ایڈ ریس اور وٹس ایپ نمبر\n
\n٭٭٭\n
\ndarulifta@jamiamadniajadeed.org\n
\nWhatsapp : +92 321 4790560\n
\n\n
\n\n
\n\n
\n\n
\nمولاناسیّد رشید میاں صاحب طابع وناشر نے شرکت پرنٹنگ پریس لاہور سے چھپواکر دفتر ماہنامہ \'\'انوارِ مدینہ \'\' نزد جامعہ مدنیہ کریم پارک راوی روڈ لاہور سے شائع کیا\n
\n\n
\n\n
\n\n
\n\n
\nاس شمارے میں \n
\n٭٭٭\n
\nحرفِ آغاز ٤\n
\nدرسِ حدیث حضرت مولانا سیدحامد میاں صاحب ٦\n
\nخطبہ جمعہ ...حضرت ابراہیم علیہ السلام کا طریقہ تبلیغ حضرت مولانا سید محمود میاں صاحب ٨\n
\nدرسِ حدیث ....... مشرکین سے معاہدہ کی ضرورت حضرت مولانا سید محمود میاں صاحب ١٤\n
\nمحترم قاری حافظ رشید احمد صاحب شریفی حضرت مولانا قاری تنویر احمد صاحب شریفی ٣٤\n
\nعہد مغلیہ کی تعلیمی حالات :ایک تاریخی و تجزیاتی مطالعہ مولانا سید محمد حسان میاں صاحب ٤٩\n
\nحضرت مولانا سیف الرحمن صاحب کابلی مولانا محمد معاذ صاحب لاہوری ٥٥\n
\nاخبار الجامعہ ٦٤\n
\nوفیات ٦٥\n
\n\n
\n\n
\n\n
\n\n
\nقطب الاقطاب عالمِ ربانی محدثِ کبیر حضرت اقدس مولانا سید حامد میاں نور اللّٰہ مرقدہ\n
\nکے سلسلہ وار مطبوعہ مضامین و دروس جامعہ مدنیہ جدید کی ویب سائٹ پر پڑھے اور سنے جا سکتے ہیں \n
\nhttp://www.jamiamadniajadeed.org\n
\n\n
\n\n
\n\n
\n\n
\nحرف آغاز\n
\n٭٭٭\n
\nاسلامی تعلیمات ا ور امن عالم\n
\n٭٭٭\n
\nنَحْمَدُہ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ اَمَّا بَعْدُ !\n
\nاسلام ہمیں توحیدو رسالت،تزکیہ نفس اور عبادتِ خداوندی ،بے نفسی اور رضائِ الٰہی کے حصول کی تعلیم دیتا ہے ۔ اسلام نے عدل و احسان ، عفو و درگزر ، شجاعت ورحمدلی ، برائی کی جگہ نیکی ، زبان دل اور عمل کی سچائی ، شجاعت و رحمدلی ، سخاوت و ایثار ، عفت و پاکبازی ، امانت و دیانت، شرم وحیا، حِلم و بردباری ، تواضع و خوش اخلاقی، استقامت و حق گوئی، عزت ِنفس مع استغنا ء و اعتدال،والدین اور اہلِ قرابت کے حقوق، حقوقِ زوجین ، ہمسایوں اور یتیموں کے حقوق، حاجت مندوں ، بیماروں اور مہمانوں کے حقوق اور انسانی برادری کے حقوق حتی کہ جانوروں کے حقوق تعلیم فرمائے ! !\n
\nنیز اسلام ہمیں فطری آداب کی تعلیم دیتاہے،طہارت وپاکیزگی، مجلس کے آداب، کھانے پینے کے آداب، ملاقات وگفتگو کے آداب، باہر نکلنے اور چلنے پھرنے کے آداب، سفر کے آداب، سونے جاگنے کے آداب ،لباس کے آداب ،خوشی اور غمی کے آداب سکھاتاہے ! !\n
\nجھوٹ ،وعدہ خلافی، خیانت وبد دیانتی، غداری، بہتان ،چغل خوری، غیبت ، دو رُخاپن، بدگمانی، حرص وطمع، حسد، بخل ،چوری، ناپ تول میں کمی، رشوت، سود خوری، شراب خوری، فخروغرور، غیظ وغضب ، ظلم، ریاکاری، خودنمائی ، فحش گوئی، طعنہ زنی اورفضول خرچی وغیرہ سے منع فرمایا ! !\n
\nیہ اسلامی تعلیمات کا ایک مختصر سا خاکہ ہے۔آپ خود ہی انصاف کریں کہ اگر کسی قوم میں یہ اوصاف نہ ہوں تو اسے یہ اوصاف سکھانے (کی کوشش و جدوجہد کرنا)اس قوم پر رحم کھانا ہے یا ظلم کرنا ؟\n
\nاسلام کی مذکورہ بالا تشریح کافر بھی مانتا ہے اور مسلمان بھی لیکن اسلام کا اصل مقصد دنیا میں امن اور سلامتی ہے جس کا مسلمانوں کی اکثریت کو علم بھی نہیں ! اسلام کا اصل مقصد پورے عالم میں غلبہ قائم رکھنا اور اسلامی قوانین پر عمل کرنا ہے جو نہ صرف مسلمانوں بلکہ غیر مسلموں کوبھی جائز حقوق دیتا ہے جس سے دنیا میں امن قائم رہے گا اور ہر طرح کے ظلم کا سدباب ہوسکے گا !\n
\nآئیے ! ہم سب مل کر تعلیماتِ قرآنی اور اتباعِ سنت کو اپنائیں اور اس پر عمل پیرا ہوکر ثابت کردیں کہ آج کی دنیا جس امن ِعالم کی متلاشی ہے وہ قرآنِ حکیم اورفرقانِ عظیم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے ہی حاصل ہو سکتا ہے ! یاد رکھیں اس دورِ الحاد میں اور قربِ قیامت کے زمانہ میں اگر امن وسلامتی چاہتے ہیں تو دنیا کے کونے کونے میں اللہ تعالیٰ کا پیغام پہنچانے کے لیے پیکر ِعمل بن کر تدبر سے تفکر سے اخلاق سے اخلاص سے ایثار سے کام لیں اوردنیا کے درندہ صفت انسانوں کے دلوں کی گہرائیوں میں اُتر کر ثابت کردیں کہ امنِ عالم کا قیام صرف قرآنی تعلیمات ہی میں مضمرہے ! !\n
\nوَمَا عَلَیْنَا اِلَّا الْبَلَاغُ الْمُبِیْن\n
\nمحمد عابد\n
\n١٧ربیع الثانی ١٤٤٨ ھ/ ٣٠ ستمبر ٢٠٢٦ئ\n
\n\n
\n\n
\n\n
\n\n
\nمحمود الملّة و الدین شیخ الحدیث حضرت مولانا سید محمود میاں نور اللّٰہ مرقدہ\n
\nکے سلسلہ وار مطبوعہ مضامین و دروس جامعہ مدنیہ جدید کی ویب سائٹ پر پڑھے اور سنے جا سکتے ہیں \n
\nhttp://www.jamiamadniajadeed.org\n
\n\n
\n\n
\n\n
\n\n
\nدرس حدیث\n
\n٭٭٭\n
\nقطب الاقطاب عالمِ ربانی محدثِ کبیر حضرت اقدس مولانا سید حامد میاں نور اللّٰہ مرقدہ کا مجلس ِذکر کے بعد درسِ حدیث \'\'خانقاہِ حامدیہ چشتیہ\'\' شارع رائیونڈ لاہور کے زیرِانتظام ماہنامہ \'\' انوارِ مدینہ\'\' کے ذریعہ ہر ماہ حضرت اقدس کے مریدین اور عام مسلمانوں تک باقاعدہ پہنچایا جاتا ہے اللہ تعالیٰ حضرت اقدس کے اس فیض کو تا قیا مت جاری و مقبول فرمائے،آمین۔ (ادارہ)\n
\n٭٭٭\n
\nاستغفار کا مطلب ! استغفار کا تعلق دل سے ہوتا ہے !\n
\n( درسِ حدیث نمبر ١٢٧ ١٥ رمضان المبارک ١٤٠٤ھ / ١٥ جون ١٩٨٤ ء )\n
\n٭٭٭\n
\nاَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ وَالصَّلٰوةُ وَالسَّلَامُ عَلٰی خَیْرِ خَلْقِہ سَیِّدِنَا وَمَوْلَانَا\n
\nمُحَمَّدٍ وَّاٰلِہ وَاَصْحَابِہ اَجْمَعِیْنَ اَمَّابَعْدُ !\n
\nحضرت آقائے نامدار صلی اللہ عليہ وسلم نے ایک واقعہ نقل فرمایا ہے ایک مثال دی ہے سمجھانے کے لیے کہ ایک بندہ گناہ کرتا ہے یا ایک بندے نے گناہ کیا تو بعد میں احساس ہونے پر اس کو اپنی طبیعت میں ملامت ہوئی اور اس نے کہاکہ اللہ تعالیٰ مجھ سے گناہ ہوگیا ہے تو معاف فرما دے ! !\n
\n\'\'استغفار \'\' کا مطلب :\n
\nیہ دعا اس نے کی بخشش کی دعا ، اپنی معافی کی طلب اور استغفار، چاہے جس زبان میں کہہ دیا جائے اپنے الفاظ میں کہہ دے، اپنی زبان میں کہہ دے یا پھر عربی زبان میں کہہ دے حتی کہ خطا سمجھنا اور آئندہ کے لیے نہ کرنے کا ارادہ ہونا اور یہ دعا کرنا کہ یہ غلطی جو ہوئی ہے اسے معاف کردے اس کا نام \'\' استغفار\'\' ہے ! !\n
\nرائج الوقت سکہ :\n
\nغلطی کو غلطی سمجھتے ہوئے بندہ یہ کہتا ہے اللہ تعالیٰ سے کہ تو مجھے معاف فرمادے اور اس کا نام استغفار ہے، یہ چاہے کسی بھی زبان میں کہے اس کی جو مادری زبان ہو اس میں کہہ دے اور چاہے عربی زبان میں کہہ دے ،افضل وہ ہے جو کلمات حدیث شریف میں آگئے ہیں وہ جنابِ رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم کی زبانِ مبارک سے نکلے ہوئے ہیں وہ خدا کے یہاں مقبول ہیں ،ملائکہ بھی ان کو پہچانتے ہیں ، جیسے رائج الوقت سکہ جو ہوتا ہے وہی چلتا ہے دوسرا کوئی نہیں چلتا اور رائج الوقت سکہ کو ہر کوئی پہچان لیتا ہے اور وہ لے لیتا ہے بلا تامل ! !\n
\nحضرت شاہ ولی اللہ صاحب رحمة اللہ علیہ نے تحریر فرمایا ہے کہ جو کلمات حدیث شریف میں آگئے ہیں وہ کلمات جنابِ رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم کی زبانِ مبارک سے نکلے ہیں وہ خدا کے دربار میں خدا کی بارگاہ میں قبول ہوچکے ہیں ،جب کوئی بندہ وہ کلمات ادا کرتا ہے تو وہ مقبول کلمات ہی گویا ادا ہورہے ہیں زبان سے تو قبولیت ان کی بہت قریب ہوجاتی ہے، ملائکہ ان کلمات کو پہچانتے ہیں وہ وہاں ایسے ہیں جیسے کوئی رائج الوقت چیز ہو اس کے لینے میں کسی کو کوئی تامل نہیں ہوتا اسی طرح وہ کلمات ہیں ، سب سے افضل تو وہ کلمات ہیں ! !\n
\nاستغفار کا تعلق دل سے ہوتا ہے :\n
\nلیکن اگر کسی کو عربی نہیں آتی تو کیا ہو ؟ وہ اپنی زبان میں پڑھے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے استغفار جو بتایا ہے وہ دل کا بتایا ہے ،اگر زبان سے کوئی اس کو پڑھتا ہے تسبیح صبح سو دفعہ اور شام سو دفعہ تو اس کو ذکر کا ثواب مل جائے گا، جو اس نے خدا کا نام لیا سو دفعہ ،ذکر کا ثواب الگ ، اب وہ زبان سے ہی پڑھ رہا ہے دل میں اس کے معنی کا خیال بھی نہیں تو بس وہی کہلائے گا زبان سے گویا اس نے خدا کا نام لیا ذکر کیا خدا کی یاد کی تو اتنا ثواب مل جائے گا ! اور استغفار جس کا نام ہے وہ وہ ہے جو دل میں ہو ! !\n
\nاللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ کیا میرا بندہ جانتا ہے کہ اس کا کوئی رب ہے جو گناہ بخشتا ہے اور اس پر مواخذہ بھی کرسکتا ہے ؟ میں نے اپنے بندہ کو بخش دیا ! ١\n
\nوَآخِرُ دَعْوَانَا اَنِ الْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ\n
\n١ مشکوة المصابیح کتاب الدعوات باب الاستغفار و التوبة رقم الحدیث ٢٣٣٣\n
\n٭٭٭\n
\n\n
\n\n
\n\n
\n\n
\nخطبات سید محمودمیاں (١٠)\n
\n٭٭٭\n
\nمحمود الملة والدین شیخ الحدیث حضرت مولانا سیّد محمود میاں صاحب\n
\nجامعہ مدنیہ جدید کی مسجد حامد میں جمعہ کا بیان فرمایا کرتے تھے جن کی ریکارڈنگ جامعہ کے استاذ مفتی محمد فہیم صاحب کرتے تھے، ان بیانات کی افادیت کے پیش نظر انہیں ماہنامہ انوارِ مدینہ کے ذریعہ ہر ماہ حضرت کے مریدین اور عام مسلمانوں تک باقاعدہ پہنچانے کا اہتمام کیا جارہا ہے اللہ تعالیٰ حضرت کے اس فیض کو تا قیا مت جاری و مقبول فرمائے،آمین۔ (ادارہ)\n
\n٭٭٭\n
\nحضرت ابراہیم علیہ السلام کا طریقہ تبلیغ\n
\n( افادات : شیخ الحدیث حضرت مولانا سید محمود میاں صاحب )\n
\nعنوانات و نظر ثانی : ڈاکٹر محمد امجد\n
\n( ٢٣ رجب المرجب ١٤٣٥ھ / ٢٣ مئی ٢٠١٤ ء )\n
\n٭٭٭\n
\nاَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ وَالصَّلٰوةُ وَالسَّلَامُ عَلٰی خَیْرِ خَلْقِہ سَیِّدِنَا وَمَوْلَانَا\n
\nمُحَمَّدٍ وَّاٰلِہ وَاَصْحَابِہ اَجْمَعِیْنَ اَمَّابَعْدُ !\n
\nکائنات کا نظام :\n
\nاللہ تعالیٰ نے کائنات میں ایسا نظام بنا رکھا ہے کہ ہر چیز کو ترقی ہوتی ہے بلندی نصیب ہوتی ہے لیکن اس بلندی کی ایک آخری حد ہوتی ہے وہاں جا کر اس کی بلندی رک جاتی ہے ترقی نہیں ہوتی ! پھر جہاں ترقی رکتی ہے اس ترقی پر بھی وہ ہمیشہ نہیں رہتا پھر پیچھے ہٹنا شروع ہو جاتا ہے، یہ مزاج اور یہ فطرت کائنات کی ہر چیز کی ہے ،چاہے چھوٹی ہو چاہے بڑی ہو ، چاہے نباتات میں ہو، چاہے جمادات میں ہو، چاہے حیوانات میں ہو، ہر چیز میں یہی ایک چیز کارفرما ہے کہ وہ بلند ہوتی ہے اور بلندی پر جا کر کچھ دیر کے لیے رکتی ہے اور پھر نیچے آنا شروع ہو جاتی ہے ! !\n
\nاسی اصول کو دیکھتے ہوئے کافروں کی قومیں جو بابل(عراق) میں بہت بڑی قومیں تھیں ! ان کا اقتدار تھا لیکن وہ پوجا کرتی تھیں زہرہ کی، چاند کی اور سورج کی ،زہرہ کے نام سے مندر بنا رکھا تھا ، چاند کا مندر بنا ہوا تھا ، سورج کا مندر بنا ہوا تھا ، وہ صبح وشام ان کی عبادت کرتے تھے اور ان کی عورتیں کرتی تھیں ان کی آنے والی نسلیں کر رہی ہیں ، بچے بھی وہی کرتے تھے جو بڑے کر تے ہیں ! !\n
\nنبی کا استاد صرف \'\'اللہ \'\'ہوتا ہے :\n
\nاسی ماحول میں حضرت ابراہیم علیہ السلام پیدا ہوئے ،کسی نے انہیں پڑھایا نہ سکھایا ، اس لیے کہ نبی نے جو بننا ہوتا ہے مستقبل میں جا کر ،پہلے تو وہ بچہ ہی ہوتا ہے، کسی کو پتہ بھی نہیں ہوتا اور اسے بھی نہیں پتہ ہوتا کہ مجھے نبی بنایا جائے گا ! پھر وہ بڑا ہوتا ہے نوجوان ہوتا ہے ، جوان ہوتا ہے اسے پتہ بھی نہیں ہوتا ، نہ اس کے دوستوں کو پتہ ہوتا ہے، نہ ماں باپ کو پتہ ہوتا ہے کہ یہ مستقبل میں کیابننے والا ہے ؟ وہ اسی ماحول میں رہتا ہے، اس کا کوئی استاد نہیں ہوتا ! اوروں کے بچوں کے استاد بھی ہوں گے وہ مدرسوں میں بھی پڑھنے جائیں گے ، نبی کا استاد نہیں ہوتا ! قدرتی طور پر ماحول ہی ایسا ہوتا ہے کہ اسے مدرسہ میں بٹھانے کی نوبت ہی نہیں آتی ، بٹھائیں گے بھی تو بیٹھے گا نہیں ، آجائے گا ، پڑھے گا ہی نہیں ! کیونکہ اگر نبی کسی سے پڑھے گا تو پھر تو وہ بڑا ہو جائے گا ،نبی کا استاد بڑا ہوگا ،نبی تو پھر چھوٹی چیز ہو گئی ! انسان پڑھتا تو اس سے ہے جو اُس سے بڑا ہوگا ،جس نے پڑھ لیا وہ بڑا بن گیا ! تو ایک نبی بھی ہو کسی معاشرے میں اور اس سے بڑے بھی ہوں اس معاشرے میں تو پھر تو اس کا کام نہیں چلے گا، نہ اس کی بات کوئی مانے گا ، نہ اطاعت کرے گا، لوگ کہیں گے تمہارے استاد تو یہ کہتے ہیں تم تو بڑے نافرمان ہو ،تعصب رکھیں گے اور یہ کہیں گے جیسے نبیوں کو یہ کہا کہ اپنے باپ دادوں کی چیزوں سے ہٹ رہے ہو ! یہ کہہ کر اُن کو رد کرتے تھے اور انہیں ملامت کرتے تھے ! ایسے ہی ایک دلیل اور بنا لیتے کہ استاد کے طریقے سے ہٹ گئے ہو ! اس لیے نبی کا کوئی استاد نہیں ہوتا ،نبی کا استاد صرف اللہ تعالیٰ ہوتے ہیں ! اللہ تعالیٰ براہ راست اسے سکھاتے ہیں اس کی تربیت فرماتے ہیں ، اس کا کوئی استاد اور معلم نہیں ہوتا ، وہ سب کا معلم ہوتا ہے اس کا کوئی معلم نہیں ہے سوائے \'\'اللہ\'\' کے ! !\n
\nتو اس ماحول میں وہ پل رہے تھے ، کوئی استاد بھی نہیں تھا، چھوٹے بڑے سب تھے رشتوں میں بڑے لوگ تھے ،کوئی باپ تھا کوئی بھائی تھا کوئی چچا تھا کوئی پھوپھی کوئی خالہ یہ تو ہیں ہی فطری، رشتے کی بڑائی تھی لیکن استادی شاگردی والا رشتہ نہیں تھا ! !\n
\nجب عبادت کا موقع آیا اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کو شعور اور سمجھ آئی تو وہ چاہتے تھے کہ ان کے رشتہ دار بھی عبادت کریں ، ان کا دل دماغ نہیں مانتا تھا ، استاد کوئی نہیں تھا لیکن طبیعت نہیں آرہی تھی، مستقبل میں انہوں نے نبی بننا تھا ، اللہ نے نبی کادل ایسا بنایا ہوتا ہے کہ اس کی سوچ بالکل درست سمت میں چلتی ہے ،غلط چیز کو چھوڑ دیتی ہے ،طبیعت ہٹ جاتی ہے بھاگتی ہے اس سے ، وہ نہیں آتی تھی اس پر ، تو قوم کو سمجھانے کے لیے جب انہوں نے دیکھا کہ یہ تو چیز عجیب ہے یہ غلط کررہے ہیں ، کس کو پوج رہے ہیں ؟ ؟\n
\nحضرت ابراہیم علیہ السلام کا طریقہ تبلیغ :\n
\nتو انہوں نے اسی اصول کو جو کائنات کا ہے کہ ہر چیز کو ایک دفعہ عروج اور پھر زوال ہے قرار دیا ! تو انہوں نے یہ کیا کہ رات کو ایک دفعہ جب زہرہ چمکدار ستارہ رات کی تاریکی میں چمکا ، تو فرمایا اے لوگو ! دیکھو یہ رب لگتا ہے، یہ کتنا عمدہ ہے، کتنا چمک رہا ہے ! آپ بھی روز دیکھتے ہیں زہرہ ستارہ نظر آتا ہے ، زمین کے سب سے قریب زہرہ ہے ،چمکدار ستارہ نظر آتا ہے شام کو مغرب کے وقت ،ادھر مغرب کے وقت مغرب کی( سمت) مقام پر ہی نظر آئے گا ! !\n
\n( فَلَمَّا جَنَّ عَلَیْہِ الَّیْلُ رَاٰکَوْکَبًا قَالَ ھٰذَا رَبِّیْ ) یہ رب لگتا ہے ! اب وہ سمجھا رہے ہیں نفسیاتی انداز میں بڑی سمجھداری سے ! اب جب دیکھا کچھ دیر رات گزری تو اس بیچارے کی روشنی ختم ہونی شروع ہو گئی ( فَلَمَّآ اَفَلَ قَالَ لَآ اُحِبُّ الْاٰفِلِیْنَ ) جب روشنی ختم ہونے لگی تو کہنے لگے یہ کیسا رب ہے ؟ رب تو رب ہوتا ہے یہ تو زوال آ گیا ! یہ تو عروج آیا تھا پھر زوال آگیا یہ تو ختم ! ! تو حضرت ابراہیم علیہ السلام نے انکا رکر دیا کیونکہ ان کا تو اس طرف دل تھا ہی نہیں ،لوگوں کو سمجھانے کے لیے انہوں نے یہ بات اس طرح کی تاکہ شاید ان کی بھی اصلاح ہوجائے ! !\n
\nجب وہ (زہرہ ستارہ) گیا تو چاند میاں اُٹھ آئے( فَلَمَّا رَاَ الْقَمَرَ بَازِغًا قَالَ ھٰذَا رَبِّیْ ) مہینہ کے شروع میں یہ ہوتا ہے کہ چاند چھوٹا سا ہوتا ہے پھر دوسری تاریخ تیسری چوتھی پانچویں چھٹی ساتویں اور پھر چودھویں تاریخ کو پورا روشن ہوتا ہے سب کو روشنی دیتا ہے ،فرمانے لگے معلوم ہوتا ہے یہ ہے رب کیونکہ وہ تو ڈوب گیا تھا ! ( فَلَمَّآ اَفَلَ قَالَ لَئِنْ لَّمْ یَھْدِنِیْ رَبِّیْ لَاَکُوْنَنَّ مِنَ الْقَوْمِ الضَّآلِّیْن ) لیکن جب دیکھا انہوں نے پھر آہستہ آہستہ آہستہ ختم پھر پیلی روشنی پھر مدھم روشنی پھر بھدی روشنی پھر ساری چمک دمک خوبصورتی ختم ! پھر وہ چھوٹا سا ٹیڑھا کھڑا ہو گیا، پہلے پورا تھا ،کیا بات تھی یہ تو زوال آگیا، یہ بھی ختم !\n
\nاب جب یہ بھی ختم تو سورج پوری آب وتاب کے ساتھ نکلا ، چاند کو بھی ختم اور ستاروں کو بھی ختم کر دیا اس نے حالانکہ موجود ہیں لیکن سب کی روشنی ماند پڑ گئی اور اس کی وجہ سے ساری کائنات ایسی روشن چمک گئی ( فَلَمَّا رَاَ الشَّمْسَ بَازِغَةً قَالَ ھٰذَا رَبِّیْ ھٰذَآ اَکْبَرُ ) یہ رب معلوم ہوتا ہے ،یہ سب سے بڑا ہے ! اور رب تو ہوتا ہی بڑا ہے، بڑا ہونا چاہیے رب کو ! وہ جو چاند تھا تو وہ اس سے چھوٹا تھا ستارہ تھا تو وہ بھی اس سے چھوٹا تھا ،چھوٹا بھی ہو اور رب بھی ہو یہ کیسے ہو سکتا ہے ؟ یہ سمجھ میں آتا ہے معنوی طور پر ظاہری چیزوں کو دلیل بنا کر لوگوں کو سمجھانے کی کوشش فرما رہے ہیں ،یہ بڑا ہے ! ! اب \'\'بڑے\'\' کا لفظ بول دیا انہوں نے تاکہ وہ سمجھ جائیں کہ رب کے ساتھ بڑائی کا جوڑ ہے ،جس کے ساتھ سے بڑائی ہٹ جائے گی وہ رب نہیں ہوسکتا ! !\n
\n\'\'رب \'\' سب سے بڑا ہوتا ہے :\n
\n( فَلَمَّآ اَفَلَتْ قَالَ یٰقَوْمِ اِنِّیْ بَرِیْ ئ مِّمَّا تُشْرِکُوْن ) جب شام کو سورج بھی ڈوب گیا ! صبح چلا تھا بلند ہوتا ہوا اور پھر آہستہ آہستہ اترنا شروع ہو گیا اور اترتا اترتا اترتا ڈوب گیا اور روشنی بھی ختم، ماندپڑ گئی ! انہوں نے کہا کہ کیا بات ہے ؟ یہ تو \'\'رب\'\' نہیں ہو سکتا یہ تو ڈوب گیا ،ختم ! ! اسے خود اختیار نہیں ہے اپنے پر کہ یہ روک سکے کہ یوں نکلتا ہے تو بھی مجبور ہے، اپنی مرضی سے نہیں نکلتا ، یوں ڈوب رہا ہے تو مجبور ہے، اپنی مرضی سے نہیں ڈوبتا ،\'\'رب\'\' کی تو مرضی ہوتی ہے ارادہ ہوتا ہے ! بڑا تو وہ ہوتا ہے جس کی مرضی اور جس کا ارادہ ہو جس کی اپنی مرضی اور ارادہ نہیں ہے تو اس میں اور کولھو کے بیل میں کیا فرق ہے ؟ کولھو کا بیل طاقت میں بھی مالک سے زیادہ ہے ،خوراک میں بھی زیادہ ہے، جسم میں بھی مالک سے بڑا ہے، مالک تو بیچارہ پتلا دبلا تیل نکالنے کے چکر میں لگا ہے لیکن چونکہ مجبور ہے، مالک نے جب گھمایا گھوم گیا جب روک دیا تو رک گیا جب چارہ ڈالا چارہ کھا لیا !\n
\nتو حضرت ابراہیم علیہ السلام فرمانے لگے کہ یہ تو ڈوب گیا ! ستاروں میں بھی پوجتے تھے زہرا کو، اس کا حشر بھی انہوں نے دکھایا خوبصورت انداز میں ، چاند کو بھی پوجتے تھے اور سورج بھی تھا ان کے دین کے مرکز ! !\n
\nجس کو زوال آجائے وہ\'\' رب\'\' نہیں ہوسکتا :\n
\nکائنات کا ایک اصول ہے کہ ہر چیز کو ایک ترقی کے بعد پھر زوال آجاتا ہے ! جس کو زوال آجائے وہ\'\' رب\'\' نہیں ہو سکتا ! \'\'رب\'\' وہ ہو سکتا ہے جو ترقی دیتا ہے پھر زوال دے دیتا ہے ! ! \'\'رب\'\' وہ ہے جو سورج کو بھی اٹھاتا ہے پھر سورج کو ڈبو دیتا ہے ! چاند کو بھی روشن کرتا ہے پھر اسے بھی تاریک کر دیتا ہے ! ستارے کو بھی طلوع کرتا ہے پھر اسے بھی غروب کر دیتا ہے ! ! \'\'رب\'\' وہ ہونا چاہیے ! ان سب کو یہ منظر دکھا کر انہوں نے کہا کہ نہیں یہ \'\'رب \'\'نہیں ہے ! !\n
\n\'\' رب\'\' وہ ہوگا جو بڑا بھی ہو، جو مجبور بھی نہ ہو، اور ساری چیزیں اس کے اشارے پر چلیں لہٰذاسورج بھی اسی کے اشارے پر چلتا ہے ،چاند بھی اس کے اشارے پر، زہرہ بھی اس کے اشارے پر، اور ہر چیز اس کے اشارے پر چل رہی ہے وہ میرا\'\' رب\'\' ہے !\n
\nکائنات کا ایک اصول ہے کہ ہر چیز کو زوال ہے ، کائنات کی کوئی چیز ایسی نہیں جو ہمیشہ رہی ہو یا ہمیشہ رہے سوائے اللہ کی ذات کے ! اس لیے انہوں نے فرمایا کہ بس ایک \'\'اللہ \'\'ہی ہے وہی سب کا مالک ہے وہی سب کا خالق ہے اسی کا ارادہ چلتا ہے وہی بڑا بھی ہے ! یہ سورج اگرچہ جسامت میں بڑا تھا لیکن جسامت میں بڑا ہے یہ اقتدار میں بڑا نہیں ہے مجبور ہے، جسم میں بڑا ہونے سے کیا ہوتا ہے ؟ جسم میں تو پہاڑ بھی بڑا ہے لیکن عقل تو انسان میں ہے پہاڑ میں نہیں ہے، اتنا سا انسان پہاڑ کے مقابلے میں لیکن پہاڑ میں عقل نہیں ہے ! اس لیے سوائے اللہ تعالیٰ کے کوئی عبادت کے قابل نہیں بس ایک وہی ہے سب سے بڑھ کر جسے\'\' رب\'\' کہتے ہیں اور سب اسی اصول پر سب ہیں ! ! اللہ کا نبی نہ کسی سے سیکھتا ہے نہ پڑھتا ہے بلکہ سب کو سکھاتا ہے ! صرف اللہ اس کا استاد اور معلم ہوتا ہے ، حضرت ابراہیم علیہ السلام نے عجیب و غریب اسلوب اختیار کر کے اپنی قوم کو سمجھانے کی کوشش کی ہے !\n
\nاللہ تعالیٰ ہمیں بھی دین کی صحیح سمجھ دے اور ہمیں اپنی سچی محبت عطا فرمائے ، آمین ! !\n
\nوَآخِرُ دَعْوَانَا اَنِ الْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ\n
\n٭٭٭\n
\n\n
\n\n
\n\n
\n\n
\nجامعہ مدنیہ جدید کے فوری توجہ طلب ترجیحی اُمور\n
\n(١) مسجد حامد کی تکمیل\n
\n(٢) طلباء کے لیے دارُالاقامہ (ہوسٹل) اور دَرسگاہیں \n
\n(٣) کتب خانہ اور کتابیں \n
\n(٤) پانی کی ٹنکی\n
\nثواب جاریہ کے لیے سبقت لینے والوں کے لیے زیادہ اجر ہے ۔ (ادارہ)\n
\n\n
\n\n
\n\n
\n\n
\nدرسِ حدیث (١٠)\n
\nاسلامی مارشل قوانین (٨)\n
\n٭٭٭\n
\nمحمود الملة والدّین شیخ الحدیث حضرت مولانا سیّد محمود میاں صاحب\n
\nجامعہ مدنیہ جدید کی مسجد حامد میں \'\'خانقاہ حامدیہ چشتیہ \'\' کے تحت ہونے والی مجلس ذکر کے بعد ہر اتوار بعد نمازِ مغرب درس حدیث دیاکرتے تھے جن کی ریکارڈنگ جامعہ کے استاذ مفتی محمد فہیم صاحب کرتے تھے، ان دروس کی افادیت کے پیش نظراِن دروس کو ماہنامہ انوارِ مدینہ کے ذریعہ ہر ماہ حضرت کے مریدین اور عام مسلمانوں تک باقاعدہ پہنچانے کا اہتمام کیا جارہا ہے، اللہ تعالیٰ حضرت کے اس فیض کو تاقیامت جاری و مقبول فرمائے،آمین (ادارہ)\n
\n٭٭٭\n
\nمشرکین سے معاہدہ کی ضرورت\n
\n( افادات : شیخ الحدیث حضرت مولانا سید محمود میاں صاحب )\n
\nعنوانات و نظر ثانی : ڈاکٹر محمد امجد غفرلہ\n
\n(٢١ جمادی الاوّل ١٤٣٥ھ / ٢٣ مارچ ٢٠١٤ ء )\n
\n٭٭٭\n
\nاَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ وَالصَّلٰوةُ وَالسَّلَامُ عَلٰی خَیْرِ خَلْقِہ سَیِّدِنَا وَمَوْلَانَا\n
\nمُحَمَّدٍ وَّاٰلِہ وَاَصْحَابِہ اَجْمَعِیْنَ اَمَّابَعْدُ !\n
\nامام محمد رحمة اللّٰہ علیہ نے اپنی کتاب اَلسِّیرُ الکبِیْر میں ایک باب منعقد کیا ہے بَابُ الْمُوَادَعَةِ جس میں ایک روایت نقل فرماتے ہیں قَالَ اَبِیْ حَنِیْفَةَ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالیٰ عَنْہُ لَا یَنْبَغِیْ مُوَادَعَةُ اَہْلِ الشِّرْکِ اہلِ شرک سے معاہدوں کی ضرورت مناسب نہیں ہے ،جنگ کرنے یا نہ کرنے کا معاہدہ اس کی بات ہو رہی ہے، تجارت کرنی ہے تجارتی معاہدے ہیں ، پاسپورٹ ویزے کے وہ تو ہوں گے وہ تو چلتے ہیں ان کی بات نہیں ہے !\n
\nفرماتے ہیں اِذَا کَانَ بِالْمُسْلِمِیْنَ عَلَیْہِمْ قُوَّة جب مسلمانوں کو ان پر قدرت ہو ، قابو ہو اور ان سے زیادہ طاقتور ہوں فوجی اعتبار سے ، عسکری اعتبار سے ، سیاسی اعتبار سے مضبوط ہوں مسلمان تو پھر مناسب نہیں ہے کہ اہلِ شرک سے معاہدہ کیا جائے ،کیوں ؟ فرماتے ہیں لِاَنَّ فِیْہِ تَرْکَ الْقِتَالِ الْمَاْمُوْرِ بِہ اس لیے کہ اس میں قتال سے دستبردار ہونا ہے کہ ہم نہیں لڑیں گے جس کا حکم دیا گیا ہے ! اللہ تعالیٰ نے حکم دیا ہے کہ ان سے قتال کرو یا قتال کے لیے تیار رہو ! یہ تو نہیں مطلب کہ بس لڑتے ہی رہو ہر وقت، مطلب یہ ہے کہ جب لڑنے کی ضرورت ہو ،لڑو ، ایسی تیاری رہے کہ لڑنے کی ضرورت پڑے تو لڑ سکیں تو پھر ہمیں معاہدے کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ ہمارے پاس فوج ہے اور سازوسامان بھی ہے، مضبوطی ہے معاشی طور پر بھی تو پھر کیا ضرورت ہے کہ ہم ان سے معاہدہ کریں ؟ وہ تو ہمارے اپنے حالات پر اور صوابدید پر ہے ،مناسب سمجھیں گے حملہ کرنایا ضرورت سمجھیں گے کسی اقدامی کارروائی کی تو حملہ کریں گے ،نہیں تو نہیں کریں گے ، وہ ہمارا مسئلہ ہے اس میں ہم کوئی معاہدہ ان سے نہیں کریں گے ! !\n
\nلِاَنَّ فِیْہِ تَرْکَ الْقِتَالِ الْمَاْمُوْرِ بِہِ اَوْ تَاْخِیْرَہُ یا قتال کو چھوڑنا پڑتا ہے اس معاہدے کی وجہ سے یا اسے مؤخر کرنا پڑتا ہے کہ قتال مؤخر ہو گیا ،کریں گے ہی نہیں یا اب نہیں کریں گے ،یا چھ ماہ نہیں کریں گے یا ایک سال نہیں کریں گے اسے مؤخر کردیا حالانکہ حکم دیا گیا ہے کہ کرو !\n
\n( وَاَعِدُّوْا لَہُمْ مَّا اسْتَطَعْتُمْ مِّنْ قُوَّةٍ ) ١ تیار رہو جب ضرورت ہو ،اپنی آزادی سے فیصلہ خود کرو کہ لڑنا ہے یا نہیں لڑنا ،معاہدوں کی ضرورت نہیں ہے ! !\n
\nوَذٰلِکَ مِمَّا لَا یَنْبَغِیْ لِلْاَمِیْرِ اَنْ یَّفْعَلَہُ مِنْ غَیْرِ حَاجَةٍ اور یہ قتال کو چھوڑنا یا اس کو مؤخر کرنا یہ ایسی چیزوں میں ہے جو امیر کے لیے مناسب نہیں ہے کہ وہ یہ کام کرے مِنْ غَیْرِ حَاجَةٍ جبکہ اس کی ضرورت بھی نہ ہو ! اگر ضرورت ہو تو پھر اور بات ہے ! کیوں نہیں کرنا مناسب ؟ کہتے ہیں قرآن پاک میں آتا ہے دلیل آگئی قرآن پاک سے ، بین الاقوامی معاہدہ ہے کافروں سے ،دلیل قرآن سے نکل رہی ہے حدیث سے آ رہی ہے ،کیونکہ فرمایا ( وَلَا تَہِنُوْا وَلَا تَحْزَنُوْا وَاَنْتُمُ الْاَعْلَوْنَ اِنْ کُنْتُمْ مُؤْمِنِیْنَ ) ٢ بزدل نہ بنو، کمزور مت بنو ( وَلَا تَحْزَنُوْا وَاَنْتُمُ الْاَعْلَوْنَ ) تم ہی سپر طاقت ہو ،\n
\n١ سورة الانفال : ٦٠ ٢ سورة آل عمران : ١٣٩\n
\nتم ہی حاوی ، غالب ، برتر ! تم زَبر ہو ، وہ زِیر ہیں ! تم قاہر ہو ،وہ مقہور ہیں ! لیکن کب ؟ ؟ بشرطیکہ تم کامل مومن ہو ( اِنْ کُنْتُمْ مُؤْمِنِیْنَ ) سپر طاقت مسلمانوں کا حق ہے ! وَاَنْتُمُ الْاَعْلَوْنَ \'\'نیو ورلڈ آرڈر\'\' کا مطلب ہے دنیا کی جہانگیری، حکم چلانا یہاں یہ ہوگا ، یہاں یہ ہوگا ، یہاں اڈے بنیں گے ،یہاں نہیں بنیں گے ،یہاں یہ کام ہوگا ، یہ نہیں ہوگا ! !\n
\nاب یہ کام کون کر رہا ہے ؟ \'\'امریکہ \'\' ! صاحب بہادر ! ہماری غفلتوں کی وجہ سے کافروں کے پاس ہے اور جو چند طاقتیں ہیں کافروں کی بس ان ہی کے پاس ہیں ،مسلمان طاقتوں کے پاس کچھ نہیں ہے ! مسلمان تو اتنے کمزور ہو گئے ابھی فلسطین کے ایک نمائندے کا بیان بھی آیا ہے کہ اس وقت جو عرب کا اور مسلمانوں کے اشتراک اور انتشار کا حال ہے اس سے اسرائیل کو بہت فائدہ ہورہا ہے ! پورا فائدہ اٹھا رہا ہے، اس انتشار سے جو مسلمانوں میں اس وقت دنیا میں ہے، مصر کا حال دیکھ لیں ، شام کا حال دیکھ لیں ، سعودی عرب کے پاس تو فوج ہی نہیں ہے ، دیکھی ہے ہم نے بھی وہاں سڑکوں پر چلتے ہوئے ان کے فوجی برائے نام ، سعودی عرب پاکستان سے بڑا ملک ہے ، آبادی بہت تھوڑی ہے لیکن جتنی آبادی ہے اس کے تناسب سے بھی انہوں نے فوج نہیں بنائی کہ تیاری رکھتے ! !\n
\nاگر فوج کی تعداد کم ہو لیکن راکٹ بہت سارے ہوں گوداموں میں بھرے ہوئے ایٹم بم اور راکٹ تو پھر وہ فوج مضبوط ہے ،دنیا ڈرتی ہے اس سے ،چاہے ان کی اپنی تعداد کم ہو، وہ نہیں کیا انہوں نے ، کچھ نہیں کیا ! بحرین کے پاس قطر کے پاس کچھ نہیں ، بس رائل فورس رکھی ہوئی ہے بس شاہی فورس ، شاہی فورس بھاگنے میں ماہر ہے نکمی وہ رائل فورس ہے ان کی ، عرب ممالک کے جتنے شہزادے ہیں ،سارے شہزادے نازک ہیں لڑنا نہیں جانتے ، کچھ قوتیں جو لڑ نے کے قابل تھیں انہیں توڑ کے تباہ کر دیا ،عراق کی فوج مضبوط تھی ختم کر دیا، مار مار کر برباد کر دیا، مسلمان ساتھ ملے کافروں کے، مسلمانوں نے مل کر مروایا مصر کی قوت تھی ختم ، شام کی قوت بہت بڑی تھی، اس پر مسلط کر دیاحافظ الاسد کو اور اب حافظ الاسد کے بعد بشار الاسد ہے ، وہاں اب یہی لڑائی ہو رہی ہے کہ وہاں کچھ قوتیں اس کو ہٹانا چاہتی ہیں اور ایران پوری مدد کرتا ہے کہ ہم کسی صورت بھی اس کو ہٹانے نہیں دیں گے !\n
\nاب حالات بہت خطرناک ہوتے جا رہے ہیں ، ایسا لگتا ہے کہ بہت جلد کوئی پلٹا کھائے گی صورتحال ( وَلَا تَہِنُوْا وَلَا تَحْزَنُوْا وَاَنْتُمُ الْاَعْلَوْنَ اِنْ کُنْتُمْ مُؤْمِنِیْنَ ) سپر طاقت تمہارا ہی حق بنتا ہے بشرطیکہ تم کامل مومن ہو ! نیو ورلڈ آرڈر تمہارا حق ہے یعنی دنیا کی قیادت کرنا تمہارا حق ہے ! !\n
\nسیاسی حکمت عملی :\n
\nآگے فرماتے ہیں وَاِنْ لَّمْ یَکُنْ بِالْمُسْلِمِیْنَ قُوَّة عَلَیْہِمْ اگر حالات ایسے ہوں کہ مسلمانوں میں اتنی طاقت نہیں ہے کہ ان سے لڑ سکیں مقابلہ کر سکیں کمزور ہیں تو فَلَا بَاْسَ بِالْمُوَادَعَةِ تو پھر کوئی حرج نہیں ، معاہدہ کر لو کیونکہ سیاسی حکمت عملی اسی میں ہے کہ معاہدہ کر لیا جائے ! یہ امورِسیاست آگئے یہ سیاست ہے، سیاست کے بارے میں آپ کو پہلے بھی بتایا تھا ! لِاَنَّ الْمُوَاَدَعَةَ خَیْر لِلْمُسْلِمِیْنَ فِیْ ہٰذِہِ الْحَالَةِ اس حالت میں معاہدہ کرنا مسلمانوں کے لیے بہتر ہے ، یہ کیوں ، کیسے کہہ رہے ہیں آپ ؟ فرماتے ہیں دلیل قرآن پاک سے آ رہی ہے ( وَ اِنْ جَنَحُوْا لِلسَّلْمِ فَاجْنَحْ لَہَا وَ تَوَکَّلْ عَلَی اللّٰہِ ) ١ اگر حالات معاہدے کے ہوں اور وہ معاہدہ کرنا چاہ رہے ہیں تو آپ بھی ان سے معاہدہ کرلیجیے اور اللہ پر بھروسہ کیجیے ! !\n
\nمعاہدہ کرنا بھی جہاد ہی کی تدبیر ہے :\n
\nوَلِاَنَّ ہَذَا مِنْ تَدْبِیْرِ الْقِتَالِ دوسری بات یہ کہ یہ بھی قتال کی تدبیروں میں سے ایک تدبیر ہے ، یہ بھی جہاد ہی ہے ، یہ بات سمجھا رہے ہیں ، یہ معاہدہ بھی جہاد کا ایک داؤ ہے لڑائی کی ایک تدبیر ہے ! اب اسے تدبیر کہہ لیں یا لڑائی کی سیاست کہہ لیں ، عربی میں تدبیر اور سیاست کا مطلب ایک ہے ، سیاست بھی عربی لفظ ہے اور تدبیر بھی عربی لفظ ہے تو تدبیر کہہ لیں ،سیاست کہہ لیں ،حکمت کہہ لیں ! !\n
\nیہ سب اس میں آتا ہے آپ نے پڑھا ہو گا فلسفہ میں ،تہذیب منزل فلسفے میں سب سے پہلے شروع کرتے ہیں یہ قسمیں بتا دیں کہ تہذیب اخلاق ، تدبیر منزل ،سیاست ِمدن ! تو اب\'\' تدبیر منزل\'\' کا مطلب گھر کے معاملات کی تدبیر کرنا ،\'\' سیاست مدن \'\'شہروں کے معاملات کی تدبیر کرنا، اب تدبیر کا\n
\n١ سورة الانفال : ٦١\n
\nلفظ چاہے ادھر لگا دیں اور سیاست کا ادھر لگا دیں مطلب ایک ہی ہے سیاست مدن تدبیر منزل کے بجائے کہہ دیں سیاست منزل اور ادھر سیاست مدن کے بجائے کہہ دیں تدبیر مدن، مطلب ایک ہے !\n
\nتو فرما رہے ہیں وَلِاَنَّ ہَذَا مِنْ تَدْبِیْرِ الْقِتَالِ فَاِنَّ عَلَی الْمُقَاتِلِ اَنْ یَّحْفَظَ قُوَّةَ نَفْسِہ اَوَّلًا کیونکہ مجاہد پر مقاتل پر لڑنے والے پر یہ لازم ہے کہ سب سے پہلے اپنی جان اور اپنی قوت محفوظ کرلے جتنی بھی ہے کم یا زیادہ قوت جو ہے وہ محفوظ رکھے ثُمَّ یَطْلُبُ الْعُلُوَّ وَالْغَلَبَةَ پھر آہستہ آہستہ غلبہ اور بلندی کو طلب کرے، کوشش کرے اس عرصے میں کہ کارخانے ، فیکٹریاں ، راکٹ ، میزائل ، فوج کی بھرتی ، جوانوں کی بھرتی ، ٹریننگ ، تربیت ، سال ، دو سال ، چار سال ، پانچ سال کے اندر اندر مضبوطی اختیار کرتا رہے ! تو یہ لڑائی کی تدبیر ہو گئی ! مقاتل پر یہ بھی لازم ہے کہ وہ اپنی جو قوت ہے چاہے وہ پوری نہیں ہے تھوڑی ہے اس تھوڑی قوت کو بھی تو سنبھال کر رکھے ،جب یہ تھوڑی قوت سنبھلے گی تب اگلی کا اضافہ ہو گا اور اگر یہ بھی ختم ہو گئی تو اضافہ کیسے ہو گا ؟\n
\nتو فرماتے ہیں کہ ثُمَّ یَطْلُبُ الْعُلُوَّ وَالْغَلَبَةَ اِذَا تَمَکَّنَ مِنْ ذٰلِکَ جب اس پر قدرت قابو ہو تو پھر اس کو بڑھائیں جب بڑھ جائے گا پھر ہم مضبوط ہو جائیں گے پھر ہمیں ضرورت نہیں کہ ہم ان سے معاہدہ کریں ،ہم کل کو معاہدہ ختم کر سکتے ہیں ،ہمارا تمہارا معاہدہ ختم ! تو یہ معاہدہ کرنا یہ بھی ایک حکمت ہے اور یہ بھی قتال اور جہاد کا ایک حصہ ہے اس کی وجہ سے یہ نہیں کہیں گے جہاد چھوڑ دیا بلکہ جہاد جاری ہے اس میں بھی جہاد کا اجر اور ثواب ملے گا ، یہ حالت جہاد ہی کہلائے گی ! !\n
\nمثال سے وضاحت :\n
\nہم نے پہلے بتایا تھا کہ امام محمد عقلی دلیل بھی دیتے ہیں نقلی بھی دیتے ہیں یہاں عقلی دلیل دی ( وَ اِنْ جَنَحُوْا لِلسَّلْمِ فَاجْنَحْ لَہَا ) ١ نقلی دلیل دی پھر عقلی دلیل دی پھر اس کے ساتھ اس دلیل کو واضح کرنے کے لیے استشہادکر رہے ہیں قریب اِلی الفہم کرنے کے لیے ایک مثال دے رہے ہیں اَلَا تَرٰی اَنَّ الصَّغِیْرَ یَمُصُّ اللَّبَنَ مَا لَمْ تَنْبُتْ اَسْنَانُہُ کیا تم نہیں دیکھتے بچہ ماں کی گود میں ہوتا ہے،\n
\n١ سورة الانفال : ٦١\n
\nوہ کیا کرتا ہے ؟ ماں کا دودھ چوستا ہے جب تک اس کے دانت نہیں نکلتے ! اب اس میں قوت ہی اتنی ہے کہ چوس سکتا ہے لے سکتا ہے بڑھے گا آہستہ آہستہ اَنَّ الصَّغِیْرَ یَمُصُّ اللَّبَنَ مَا لَمْ تَنْبُتْ اَسْنَانُہُ جب تک اس کے دانت نہیں نکلتے تو وہ چوستا رہتا ہے ثُمَّ یَمْضُغُ اللَّحْمَ بَعْدَ نَبَاتِ الْاَسْنَانَ جب دانت نکلتے ہیں تو گوشت چبانا شروع کر دیتا ہے ! اب اگر وہ اسی وقت جب دانت نہیں نکلے گوشت چبانا شروع کر دے کہ نہیں میں تو گوشت ہی چباؤں گاتو نہیں چبے گا اور وہ بوٹی حلق میں اُتر کر پھنس جائے گی یا معدے میں جا کر پھنس جائے گی اور زندگی ختم ! تو فرما رہے ہیں کہ اس کو یہ وقت گزارنا پڑے گا انتظار کرنا پڑے گا دانتوں کے اُگنے کا پھر گوشت چبائے ابھی نہ چبائے ابھی رک جائے ! اگر بچہ کہے کہ نہیں میں نے تو دودھ بھی پینا ہے اور میں نے تو یہ بھی لینا ہے تو کچھ بھی نہیں ، سب ختم ! !\n
\nمعاہدہ بھی قتال کا حصہ ہے :\n
\nمثال دے رہیں ہیں کہ جیسے بچے کا ایک قدرتی عمل ہے کہ بچہ دودھ چوستا ہے جب تک دانت نہیں نکلتے پھر جب دانت نکلتے ہیں تو گوشت چبانا شروع کر دیتا ہے فَبِھٰذَا یَتَبَیَّنُ اَنَّ النَّظْرَ فِی الْمُوَادَعَةِ عِنْدَ ضَعْفِ حَالِ الْمُسْلِمِیْنَ اس مثال سے یہ بات واضح ہو گئی کہ حکمت اور نظر، شفقت یا بہتری اسی میں ہے کہ جب مسلمان کمزور ہوں تو معاہدے کر لیں ! جب آپ کمزور ہوں یا کمزور نہیں طاقتور ہیں لیکن کفر کسی وجہ سے بہت مضبوط ہوگیا ، انہوں نے آپس میں اور قوتیں ملا لیں اور معاہدے کرلیے اور آپ ویسے ہی تھے لیکن وہ کسی وجہ سے زیادہ طاقتور ہو گئے جیسے آج کل، تو اب معاہدہ کر کے وقت گزارو ! یہ بھی قتال کا ہی حصہ ہے ! !\n
\nوَفِی الْاِمْتِنَاعِ مِنْہَا وَالْاِشْتِغَالِ بِالْقِتَالِ عِنْدَ قُوَّةِ الْمُسْلِمِیْنَ جب مسلمانوں کی قوت ہوجائے تو پھر اس کے بعد قتال ہونا چاہیے وَاسْتَدَلَّ عَلٰی جَوَازِ الْمُوَادَعَةِ کہتے ہیں کہ یہ معاہدہ صحیح ہے ، درست ہے اس پر مزید استدلال کر رہے ہیں بِمُبَاشَرَةِ رَسُوْلِ اللّٰہِ صلی اللہ عليہ وسلم ذٰلِکَکیونکہ نبی علیہ السلام نے ایسا کیا ! دلیلیں ساری مضبوط ہیں ،دلیل قرآن اور حدیث سے لے رہے ہیں نبی علیہ السلام نے ایسا کیا ،حدیث سے دلیل آگئی وَالْمُسْلِمِیْنَ بَعْدَہُ اِلیٰ یَوْمِنَا ہٰذَا اور تمام مسلمان حکومتوں نے اس طرح کے معاہدے کیے ہیں آج تک ،صاحب ِ کتاب لکھ رہے ہیں جس زمانے میں وہ تھے، کہتے ہیں آج تک اس دور تک مسلمان بھی اسی طرح کر رہے ہیں کہ جہاں ضرورت ہو معاہدہ کرنے کی وہاں معاہدہ کرتے ہیں !\n
\nمدینہ منورہ میں یہودیوں سے معاہدہ :\n
\nمُحَمَّدُ بْنُ کَعْبٍ الْقُرَظِیْ فرماتے ہیں کہ لَمَّا قَدِمَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ عليہ وسلم اَلْمَدِیْنَةَ امام محمد یہاں نقل کرتے ہیں کہ جب مدینہ منورہ میں آپ تشریف لے آئے تو نبی علیہ السلام نے سارے یہودیوں سے معاہدہ کیا وَکَتَبَ بَیْنَہُ وَبَیْنَہَا کِتَابًا اُن کے اور ان کے درمیان معاہدہ لکھا وَاَلْحَقَ کُلَّ قَوْمٍ بِحُلَفَائِہِمْ ہر قوم کو جو اُن کے حُلفَاء (حلیف ) میں سے تھے ان کو یکجا کیا اور پیغام بھیجا انہوں نے کہ دیکھو ہم نے یہ معاہدہ کر لیا نبی علیہ السلام سے، تم ہمارے حلیف ہو تم بھی اس معاہدے کے پابند ہوگئے ! بَنُوْ اَلْقُرَیْظَة ْ سے کیا بَنُوْ اَلْنَضِیْرْ سے کیا بَنُوْ اَلْقَیْنُقَاعْ سے کیا، سب یہودیوں کے قبیلے تھے ،پھر اور بھی جو چھوٹے قبیلے تھے ان سے کیا، چھوٹے بڑے، پھر ان کے جو قبیلے تھے جن سے ان کے معاہدے تھے انہوں نے معاہدے کی کاپی وہاں بھیجی کہ اس معاہدے کی وجہ سے ہم چونکہ پابند ہیں ہمارا اور نبی علیہ السلام کا معاہدہ ہے اور تمہارا ہمارا معاہدہ ہے لہٰذا تم بھی اس معاہدے کے پابند ہو ! !\n
\nوَکَانَ فِیْمَا شَرَطَ عَلَیْہِمْ اوراس معاہدہ میں جو شرطیں طے ہوئی تھیں یہی تھا کہ اَلَّا یُظَاہِرُوْا عَلَیْہِ عَدُوًّا نبی علیہ السلام کے خلاف سب مل کر دشمنی کے طور پر کارروائی نہیں کریں گے ! !\n
\nثُمَّ لَمَّا قَدِمَ الْمَدِیْنَةَ بَعْدَ وَقْعَةِ بَدْرٍ جب نبی علیہ السلام غزوہ بدر کے بعد واپس تشریف لائے ہیں تو بَغَتْ یَہُوْدُ تو یہودیوں نے بغاوت کر دی ! معاہدہ توڑ دیا ، بد عہدی کی ، عہد شکنی کی کیونکہ عہد شکنی کرناان کی فطرت ہی میں ہے، معاہدے کر رکھے تھے ! !\n
\nوَقَطَعَتْ مَا کَانَ بَیْنَہَا وَبَیْنَ رَسُوْلِ اللّٰہِ صلی اللہ عليہ وسلم مِنْ الْعَہْدِ فَاَرْسَلَ اِلَیْہِمْ لیکن غزوہ بدر کے بعد انہوں نے عہد شکنی کی بد عہدی شروع کی تو نبی علیہ السلام نے ان کی طرف پیغام بھیجا اور جمع کیا فَجَمَعَہُمْ وَقَالَ یَا مَعْشَرَ یَہُوْدَ اَسْلِمُوْا تَسْلَمُوْا اسلام لے آؤ محفوظ ہو جاؤ گے ! !\n
\nاَسْلِمُوْا تَسْلَمُوْا محفوظ رہو گے داخل ہو جاؤ اسلام میں فَوَ اللّٰہِ اِنَّکُمْ لَتَعْلَمُوْنَ اَنِّیْ رَسُوْلُ اللّٰہِ تم جانتے ہو با خدا کہ میں اللہ کا رسول ہوں ،تمہیں پتہ ہے کیونکہ آسمانی کتابیں تمہارے پاس ہیں ان کو تم پڑھتے ہو اور ان میں میرے آنے کی خبر دی گئی ہے کہ میں نے آنا ہے، اللہ کے رسول نے آنا ہے اَسْلِمُوْا دیکھو اسلام لے آؤ اَسْلِمُوْا قَبْلَ اَنْ یُّوْقِعَ اللّٰہُ تَعَالیٰ بَیْنَکُمْ مِثْلَ وَقْعَةِ قُرَیْشٍ بِبَدْرٍ اسلام لے آؤ اس سے پہلے کہ اللہ تعالیٰ تم میں بھی ویسی ہی آفت نازل کر دے جو قریش پر بدر کے دن نازل ہوئی ! سارے ہی مارے گئے ! !\n
\nخیر وہ تفصیل الگ ہے کہ نبی علیہ السلام بدر میں تھے ،پیچھے انہوں نے یہاں بدعہدی شروع کر دی پھر بلایا بات چیت کے ذریعے معاملہ حل کر لیں مسلمانوں اور ہم میں کھچاؤ ہو گیا تھا ان کی بدعہدی کی وجہ سے پھر بھی کوشش کی نبی علیہ السلام نے کہ رفع دفع کر لیں گے لیکن سر کش تھے بہت غرور تھا ، وہ نہیں مانے ! !\n
\nفَصَارَ ہٰذَا اَصْلًا بِجَوَازِ الْمُوَادَعَةِ عِنْدِ ضَعْفِ حَالِ الْمُسْلِمِیْنَ تو یہ جونبی علیہ الصلٰوة والسلام نے معاہدہ کیا مدینہ منورہ آکر یہ ایک اصول بن گیا جوازِ مُوَادَعَةْ کا جبکہ مسلمان کمزور ہوں کیونکہ نبی علیہ السلام وہاں آئے تھے اور ابھی مسلمان وہاں مضبوط نہیں ہوئے تھے نئی جگہ تھی آپ کے لیے مہاجرین کے لیے، کمزور تھے ابھی وہاں اور خود انصار جو تھے وہ بھی مضبوط نہیں تھے اس وقت بہت کمزور تھے آپس میں پہلے ان کی ایک سو بیس سال سے جنگیں چل رہی تھیں جن سے ان کا ستیاناس ہوا ہوا تھا تو نبی علیہ السلام کی وجہ سے اللہ نے ان کی صلح کرائی دشمنی ختم ہوئی لیکن مضبوط ہونے میں تو وقت لگتا ہے اس لیے ابھی حالات کمزور تھے اور ادھراُدھر سے نبی علیہ السلام کو خطرات تھے اس لیے آپ نے معاہدے کر لیے تھے ! ! ھٰذَا اَصْلًا بِجَوَازِ الْمُوَادَعَةِ عِنْدَ ضُعْفِ حَالِ الْمُسْلِمِیْنَ لہٰذا جب مسلمانوں کی حالت کمزور ہو تو مَوَادَعَةْ جائز ہے ! !\n
\nوَالْاِقْدَامِ عَلیٰ الْمُقَاتَلَةِ عِنْدَ قُوَّتِہِمْ اور لڑنے کے لیے آگے بڑھنا اس وقت ہے جب مسلمان مضبوط ہوں ، جب مضبوط نہ ہوں تو پھر ذرا ہوشیار رہو، دانتوں کو آنے دو ،دانت آ جائیں بس پھر ٹھیک ہے جب تک دانت نہیں آئے تو گوشت کھانے کی کوشش مت کرو ! !\n
\nآگے فرماتے ہیں کہ جب ان سے معاہدہ کیا تو اس معاہدے پر کوئی اگر مال طے ہو جائے کہ معاہدہ تو ہم کر رہے ہیں تم سے نہیں لڑیں گے لیکن تم ہر سال ہمیں اتنا مال دو گے تو یہ درست ہے یا نہیں ؟ امام محمد فرماتے ہیں فَلَا بَاْسَ بِہ اس طرح کا معاہدہ کرسکتے ہیں !\n
\nلِاَنَّہُ لَمَّا جَازَ اَنْ یُّوَادِعَہُمْ بِغَیْرِ شَیْئٍ یَاْخُذُہُ مِنْہُمْ فَالْمُوَادَعَةُ بِمَالٍ یَاْخُذُہُ مِنْہُمْ اَجْوَزُ تو کہتے ہیں کہ اگر مُوَادَعَةْ مال سے ہو رہا ہے کہ تم ہمیں کچھ مال دے دو، ایسے ہم لڑ بھی نہیں سکتے معاہدہ کرنا چاہتے ہیں لیکن معاہدے میں کچھ ایسی حکمت سے کام لیا کہ معاہدہ بھی کریں گے لیکن تم ہمیں ہر سال اتنا پیسہ ڈالر پاؤنڈ دو ، اس میں کوئی حرج نہیں ! کہتے کر لو ، ان سے پیسہ آ ہی رہا ہے ،تو کوئی حرج نہیں اَجْوَزُ وَذٰلِکَ الْمَالُ بِمَنْزِلَةِ الْخَرَاجِ یہ مال خراج کے حکم میں ہوگا جو لیا جاتا ہے اس میں سے خُمس نہیں نکالا جائے گا اور اسے خراج کی جگہ خرچ کیا جائے گا ، اس مال کا حکم وہی ہو گا جو خراج کا حکم ہے لِاَنَّہُ مَالُ اَہْلِ الْحَرَبِ کیونکہ یہ اہل ِحرب کا مال ہے حَصَلَ فِیْ اَیْدِیْ الْمُسْلِمِیْنَ یہ مسلمانوں کے ہاتھوں آیا ہے لَا بِِاِیْجَافِ الْخَیْلِ وَالرِّکَابْ بغیر لڑے ہوئے ، بغیر لڑے ہوئے آتا ہے فَلَا یَکُوْنُ مِنَ الْغَنِیْمَةِ لہٰذا یہ مالِ غنیمت کے حکم میں نہیں ہے فَلَا یَکُوْنُ مِنَ الْغَنِیْمَةِ فِیْ شَیْئٍ کَمَا اَشَارَ اللّٰہُ تَعَالیٰ بِقَوْلِہ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآنِ پاک میں اس کی طرف اشارہ کیا ہے ( فَمَا اَوْجَفْتُمْ عَلَیْہِ مِنْ خَیْلٍ وَلَا رِکَابٍ ) ١\n
\nمرتدین سے معاہدہ :\n
\nآگے ایک اور بات آ گئی مرتد ہو گئے کچھ لوگ العیاذ باللّٰہ اللہ ہمیں بچائے ! کسی شہر کے ، کسی علاقے کے ، کسی صوبے کے وَلَا بَاْسَ فِیْ ہَذِہِ الْحَالَةِ بِمَوَادَعَةِ الْمُرْتَدِّیْنَ الَّذِیْنَ غَلَبُوْا عَلیٰ دَارِہِمْ مرتد ہو گئے اور اپنے شہر پر غالب آ گئے قبضہ کر لیا مورچوں پر ، اس پر ، سب اور وہ مضبوط ہیں وہاں پر تو کہتے ہیں اگر معاہدہ کرنا پڑ جاتا ہے تو مرتد سے بھی کر سکتے ہیں لِاَنَّہُ لَا قُوَّةَ لِلْمُسْلِمِیْنَ\n
\n١ سورة الحشر : ٦\n
\nعَلیٰ قِتَالِہِمْ کیونکہ مسلمانوں کو اس وقت ان سے لڑنے کی طاقت نہیں ہے وہ ہم میں سے تو تھے ،گھر کا آدمی اگر بغاوت کر دے تو وہ زیادہ پریشانی کا سبب بنتا ہے وہ ہمارے حالات ، کمزوریاں ، خوبیاں ، خامیاں سب جانتا ہے اس لیے وہاں پر بہت سوچ سمجھ کے کام لینا ہے ، جوش سے کام نہیں لینا ہو گا تدبیر سے کام لینا ہے تو امام صاحب کہتے ہیں ان مرتدین سے معاہدہ کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے ! فَکَانَتِ الْمُوَادَعَةِ خَیْرًا لَہُمْ ان مرتدین کے لیے اس میں بہتری ہے ! !\n
\nمرتدین سے معاہدہ کے ساتھ ٹیکس لینا جائز نہیں :\n
\nوَلَکِنْ یَکْرَہُ لیکن ناپسند ہے کہ ان سے اس پر جُعْلْ لیا جائے بِخِلَافِ اَہْلِ الْحَرْبِ جیسے کہ پہلے وظیفہ لیا گیا ٹیکس لیا گیا اہلِ حرب سے ، ان مرتدین سے نہیں لیں گے جیسا کہ پہلے گزرا کہ اہلِ حرب سے معاہدہ کے ساتھ پیسہ لے سکتے ہیں لیکن ان سے نہیں لینے جو مرتد ہو گئے ! !\n
\nلیکن کہتے ہیں وَاِنْ اَخَذَ الْاِمَامُ ذَلِکَ مِنْہُمْ معاہدہ بھی کیا مال بھی لے لیا امام نے ، قائد نے، صدر نے ، وزیراعظم نے ،جو بھی سالار ہو ،مال بھی طے کر لیا تو پھر ٹھیک ہے پھر اسے واپس کرنے کی بھی ضرورت نہیں کہ اب واپس کرو لِاَنَّہُ لَا اَمَانَ لَہُمْ مِنَ الْمُسْلِمِیْنَ فِیْ نُفُوْسِہِمْ کیونکہ ان کے نفوس کی ان کی جانوں کی مسلمانوں نے کوئی امان تو نہیں دی ،وہ تو مضبوط تھے اس وجہ سے ہم نے معاہدہ کر لیا کہ اگر نہیں کریں گے تو یہ اور نقصان پہنچائیں گے تو چلو معاہدہ کر کے ذرا وقت گزار لیں تو ہم نے ان کی جانوں کا امان تو نہیں دیا ! امان نہیں ہے لِاَنَّہُ لَا اَمَانَ لَہُمْ مِنَ الْمُسْلِمِیْنَ فِیْ نُفُوْسِہِمْ وَلَا فِیْ اَمْوَالِہِمْ نہ ان کے مالوں میں وَبَعْدَ مَا غَلَبُوْا عَلیٰ دَارِہِمْ اور جب غلبہ دے دیا گیا ان کو دَارْ پر فَقَدْ صَارَتْ دَارُہُمْ دَارَ الْحَرْبِ تو ان کا دَارْ دَارُ الْحَرَبْ ہو گیا ایک قسم کا حَتَّی اِذَا وَقَعَ الظَّہُوْرُ عَلَیْہِمْ یَکُوْنُ مَالُہُمْ غَنِیْمَة لِلْمُسْلِمِیْنْ جب آپ کو ، کل کو وہاں غلبہ نصیب ہو گیا تو ان مرتدوں کا سارا مال مسلمانوں کے لیے غنیمت ہو گا ! ! ایسے ہی اُن سے جو مال لیا جائے گا مُوَادَعَةْ کے ذریعے یَکُوْنُ سَالِمًا لِلْمُسْلِمِیْنَ وہ بھی واپس نہیں کیا جائے گا وَ اِنْ اَسْلَمُوْا اگرچہ وہ اسلام لے آئیں بعد میں داخل ہو جائیں لیکن ان کو مال واپس نہیں کیا جائے گا ! !\n
\nباغیوں سے معاہدہ :\n
\nوَ کَذٰلِکَ لَا بَاْسَ بِمُوَادَعَةِ اَہْلِ الْبَغْیِ اب بتا رہے ہیں باغیوں کا حکم ! ایک تو ہے کہ ایک شہر کے لوگ خدانخواستہ مرتد ہو گئے اسلام چھوڑ کر نکل گئے ، مرتد نہیں ہوئے ، مسلمان ہیں لیکن باغی ہو گئے بغاوت کرتے ہیں کہ ہم آپ کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے ، عملداری تسلیم نہیں کرتے، کہتے ہیں کہ اگر اہلِ بغاوت ہیں اور ان سے کوئی معاہدہ کرنا پڑ گیا ،وہ مضبوط ہیں ، بغاوت کی ، لیکن ہیں وہ اس وقت مضبوط ، تو معاہدہ کرنا پڑ گیا تو کر سکتے ہیں بوجہ اس کے جو بات بتائی وَالْحَاجَةُ اِلیٰ الْمُوَادَعَةِ فِیْ ہَذَا الْفَصْلِ اَظْہَرُ اب اس فصل میں تو مُوَادَعَةْ کی محتاجی تو بہت زیادہ واضح ہے کیونکہ یہ تو ہمارے ہی ہیں اور مسلمان ہیں کافر بھی نہیں ہیں ، مرتد تو کافر ہو گیا تھا جب اس سے معاہدہ ہوا تو یہ تو باغی ہے کافر تھوڑی ہے، ہے تو مسلمان ،تو پھر یہاں تو زیادہ واضح ہے کہ ان سے معاہدہ کر لینا چاہیے ، اگر کچلنے کی طاقت ہے کچل دو لیکن اگر کچلنے کی طاقت نہیں ہے وہ زیادہ ہیں تو معاہدہ کر لو ! !\n
\nفائدہ :\n
\nاس کا ایک فائدہ یہ ہے دلیل دے رہے ہیں لِاَنَّہُمْ رُبَمَا یَتَاَمَّلُوْنَ جب معاہدہ ہو جائے گا تو وہ باغی وقت گزرنے پر کچھ سوچ بچار کریں گے فَیَتُوْبُوْنَ وَیَرْجِعُوْنَ تو باغی ہونے کے بعد یہ بھی امید ہے کہ تائب ہو جائیں اور واپس آ جائیں ! تو بغیر لڑے ایک چیز حل ہو جائے گی اور ہمارے ہی مسلمان بھائی ہیں اور ہم سے مل جائیں گے ورنہ تو پھر لڑائی بڑھے گی آپس کی خونریزی تو سب چیزوں سے بچاؤ ہو جائے گا اس لیے اس معاہدے میں یہ فائدہ ہوگا کہ وہ سوچ بچار کریں اور رجوع کر سکتے ہیں ! !\n
\nوَلَا یَنْبَغِیْ اَنْ یُّوْخَذَ مِنْہُمْ عَلٰی ذٰلِکَ جُعْل یہ جو معاہدہ ہم کریں گے اس میں کوئی پیسہ وغیرہ نہیں لیں گے لِاَنَّہُمْ قَوْم مُسْلِمُوْنَ یہ مسلمان ہیں ، باغی ہیں لیکن ہیں تو مسلمان لَا یَجُوْزُ اَخْذُ الْخَرَاجِ مِنْ رُئُ وْسِہِمْ وَالْمَالُ الْمَاْخُوْذُ بِالْمُوَادَعَةِ بِہٰذِہِ الصِّفَةِ اور جو مال معاہدوں کے ذریعے لیا جاتا ہے وہ خراج ہی کی نوعیت کا ہوتا ہے اور خراج مسلمان سے نہیں لیا جائے گا ! !\n
\nاور اگر باغیوں سے مال لے لیا معاہدہ بھی کیا ، مسئلہ نہیں پتا تھا کمانڈر کو ، یا جو وہاں کا گورنر تھا اسے نہیں پتا تھا ،لے لیا مال، تو کہتے ہیں ان پر لوٹائیں گے اِذَا وَضَعَتِ الْحَرْبُ اَوْزَارَہَا جب لڑائی ختم ہو گی اس وقت دینا ہے ابھی نہیں دینا ! ابھی دے دو گے تو پھر وہ مال کو آپ کے خلاف استعمال کریں گے ! اب تو آگیا ابھی رکھو، لیکن دینا ہے انہیں واپس ، واپس کر دیں گے لِاَنَّہُمْ مُسْلِمُوْنَ اس لیے کہ وہ مسلمان ہیں ! تویہ باغیوں کے احکامات آگئے ! !\n
\nلَوْ اُصِیْبَ مِنْہُمْ مَال بِالْقِتَالِ وَجَبَ رَدُّہُ عَلَیْہِمْ بَعْدَ مَا وَضَعَتِ الْحَرْبُ اَوْزَارَہَا اگر ان سے مال لڑنے کی وجہ سے مل گیا تو وہ واپس کرنا واجب ہوتا ہے ،جب لڑائی ختم ہو ، لڑنے کی حالت میں لیا ہے تو فَکَذٰلِکَ اِذَا اُصِیْبَ مِنْہُمْ مَال بِالْمُوَادَعَةِ اسی طرح وہ مال بھی جو مُوَادَعَةْ کی وجہ سے لیاہے وہ بھی واپس کرنا ضروری ہوگا ! !\n
\nسیاسی مصلحت :\n
\nآگے فرماتے ہیں کہ اگر حالات ایسے ہیں کہ مسلمان خطرے میں ہیں مسلم حکومت خطرے میں ہے اور مسلمانوں کو خطرہ ہے کہ ہمیں نقصان پہنچائیں گے اور فَطَلَبُوْا مُوَادَعَتَہُمْ اور ان سے انہوں نے مُوَادَعَةْ طلب کی مسلمانوں نے کہ ہم سے معاہدہ کر لو، کمزور تھے جیسے اب ہمارا حال ہوا ہے فَاَبیٰ الْمُشْرِکُوْنَ اَنْ یُّوَادِعُوْہُمْ نہیں ہم تومعاہدہ نہیں کرتے حَتّٰی یُعْطِیَہُمُ الْمُسْلِمُوْنَ عَلیٰ ذَلِکَ مَالًا حتی کہ مسلمان اتنا مال دیں سال کا ہر مہینے کا اتنے ہزار ڈالر اتنے ہزار اتنے لاکھ ڈالر یہ دیں گے تو پھر ہم معاہدہ کریں گے تو کہتے ہیں فَلَا بَاْسَ بِذَالِکَ عِنْدَ تَحَقُّقِ الضَّرُوْرَةِ اگر سیاسی مصلحت ہو تو معاہدہ کرسکتے ہو اس قسم کا بھی ،پیسے دو ان کو ،کیوں ؟ فرماتے ہیں لِاََنَّہُمْ لَوْ لَمْ یَفْعَلُوْا اگر مسلمانوں نے اس وقت یہ معاہدہ نہ کیا نیچے آ کر ،آنا تو پڑ رہا ہے نیچے ،گھٹنے ٹیکنے پڑ رہے ہیں وَلَیْسَ بِہِمْ قُوَّةُ دَفْعِ الْمُشْرِکِِیْنَ اور ان کے پاس قوت بھی نہیں ہے کہ مشرکین کو دفع کر سکیں ہمت بھی نہیں اتنی تو ظَہَرُوْا عَلیَ النُّفُوْسِ وَالْاَمْوَالِ جَمِیْعًا تو وہ غالب آ جائیں گے نفوس اور مال دونوں پر ! تو اب کم سے کم نفوس تو آزاد ہیں مال دے دیا، ملک اور نفس تو آزاد ہیں ! اور اگر نہیں دو گے تو وہ حملہ کرنے کے لیے تیار ہیں تو یہ مال بھی جائے گا اور جانیں بھی جائیں گی ،عورتوں کی عزت بھی، بے آبرو ہو جائیں گے سب بچے بکھر جائیں گے گھر تباہ ہو جائیں گے نکل کر کہیں سے کہیں جانا پڑے گا بہت بڑی تباہی آجائے گی تو وقتی طور پر مال دے کر ایسی چیزوں کے دفاع کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ، معاہدہ کیا جا سکتا ہے ! !\n
\nفَہُمْ بِہٰذِہِ الْمُوَادَعَةِ یَجْعَلُوْنَ اَمْوَالَہُمْ دُوْنَ اَنْفُسِہِمْ اس مُوَادَعَة کی وجہ سے مسلمانوں نے اپنا مال تو دے دیا ان کو کہ وہ اس پر غالب آگئے جانیں تو بچ گئیں نفوس بچ گئے وَقَدْ قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ عليہ وسلم لِبَعْضِ اَصْحَابِہ نبی علیہ السلام نے بعض صحابہ سے فرمایا اِجْعَلْ مَالَکَ دُوْنَ نَفْسِکَ وَنَفْسَکَ دُوْنَ دِیْنِکَ اپنے مال کو اپنے نفس کے لیے ڈھال بنا لو استعمال کرو مال خرچ کرنا پڑ جائے تو کرو ، دو چیزیں آگئیں ادھر مال اور ادھر جان ! تو جان کو ترجیح دو مال کو قربان کردو ! ! یہ چیزیں نبی علیہ السلام سکھا رہے ہیں اِجْعَلْ مَالَکَ دُوْنَ نَفْسِکَ اور وَنَفْسَکَ دُوْنَ دِیْنِکَ نفس اور دین دو چیزیں آ جائیں تو پھر اس وقت کیا کریں ؟ نفس کو ڈھال بنائیں اپنے دین کو بچانے کے لیے ! !\n
\nحضرت حذیفہ بن یمان کا واقعہ :\n
\nامام محمد فرماتے ہیں کہ حضرت حذیفہ بن یمان رضی اللہ عنہ نے ایک آدمی کی مُدَارَاتْ کیں کافی خیال ،خدمت کر رہے ہیں یہ بھی وہ بھی سب ،تو کسی نے کہا اِنَّکَ مُنَافِق تم منافق ہوگئے ؟ ایسے آدمی کی خوشامد اور تواضع اور مدارات کیوں کر رہے ہو ؟ انہوں نے کہا نہیں میں منافق نہیں ہوں کہنے لگے میں نے اپنا دین بچایا ہے اس سے بعض چیزیں دے کر ،اس کی خدمت کر کے خوش رکھ کر ، کمزور ہوں گے اس وقت کوئی ایسی حالت ہو گی ان کی اس وقت ۔تو میں نے اپنا دین خرید لیا اس سے اس کی خوشامد اس کی خدمت اور اس کے مدارت کے عوض میں مَخَافَةَ اَنْ یَّذْہَبَ کُلُّہُ اس ڈر سے کہ سارا کچھ ہی نہ لے جائے ، میرا دین بھی ختم ہو جائے اور یہ ساری چیزیں ختم ہوں اس کی بہ نسبت بہترہے کہ اس کی مدارات کر دوں وقتی طور پر اور میرا دین بچ جائے منافق نہیں ہوں بلکہ میں نے حکمت سے مصلحت سے اور سیاست اور تدبر سے کام لیا ہے، سیاستاً ایسا کیا ہے ،تدبر کے لیے ایسا کیا ہے ورنہ تو میرا نقصان زیادہ ہوتا تو میں یہ عمل کر کے کم نقصان اٹھا رہا ہوں بجائے اس کے کہ مجھے زیادہ نقصان اٹھانا پڑے ! وَلَا بَاْسَ بِدَفْعِ بَعْضِ الْمَالِ عَلٰی سَبِیْلِ الدَّفْعِ عَنِ الْبَعْضِ بعض نقصانوں کو دفع کرنے کے لیے بعض مال کو خرچ کرنے میں کوئی حرج نہیں اِذَا خَافَ ذَہَابَ الْکُلِّ جب خطرہ ہو کہ سارا ہی جائے گا ! !\n
\nفَاَمَّا اِذَا کَانَ بِالْمُسْلِمِیْنَ قُوَّة عَلَیْہِمْ فَاِنَّہُ لَا یَجُوْزُ الْمُوَادَعَةُ بِہَذِہِ الصِّفَةِ اگر مسلمانوں کو ان پر قوت ہے تو پھر اس نوعیت کے معاہدے نہیں کریں گے ! کیونکہ اس میں ذلت اختیار کرنا ہے جب اللہ نے آپ کو طاقت دی ہے تو پھر آپ کیوں کرتے ہیں ایسی چیز ؟\n
\nغزوۂ خندق کا واقعہ :\n
\nاور اس کے آگے روایت آرہی ہے کہتے ہیں ثُمَّ اسْتَدَلَّ عَلَیْہِ بِقِصَّةِ الْاَحْزَابِ کہ غزوہ احزاب جو ہوا تھا غزوہ خندق بھی جسے کہتے ہیں کہ نیٹو آیا تھا پورا عالم عرب ، کفار کی بیس ، پچیس ، تیس ہزار کی فوج تھی جو آئی تھی اور مسلمان صرف مدینہ منورہ میں تین چار ہزار بس جو لڑ سکتے تھے اتنی بڑی فوج آئی تھی، غزوہ اُحد کے بعد اگلے سال یہ آئے ظالم اس طرح سے، اس وقت کا واقعہ آ رہا ہے کہ فَاِنَّہُ حُصِرَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ عليہ وسلم وَاَصْحَابُہُ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمْ یَوْمَئِذٍ بِضْعَ عَشْرَةَ لَیْلَةً حَتّٰی خَلَصَ اِلیٰ کُلِّ امْرِیٍٔ مِنْہُمُ الْکَرْبُ دس دن تقریباً یہ حصار رہا، ہر مومن پریشان ہو گیا تھا بہت برا حال تھا ، ان دنوں میں کچھ کھانے کو نہیں رہا تھا فاقے تھے، مدینہ منورہ میں بھی آمد و رفت سب بند تھی کیونکہ باہر فوجیں بیٹھی تھیں ان کی، باقی راستوں سے آمد و رفت ہو نہیں سکتی تھی خندق کھد چکی تھی تو اندر بھی کچھ نہیں تھا ،بہت تنگی تھی تو نبی علیہ الصلٰوة و السلام نے فرمایا اَللّٰہُمَّ اِنِّیْ اَنْشُدُکَ عَہْدَکَ وَ وَعْدَکَ اَللّٰہُمَّ اِنَّکَ اِنْ تَشَاْ لَا تُعْبَدُ اگر تو چاہے تو تیری عبادت نہ کی جائے تیری خدائی میں کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن حالات ایسے ہیں کہ پھر ہم ختم ہو گئے تو اب عبادت کرنے والا کوئی نہیں رہے گا وَبَلَغَ مِنْ حَالِہِمْ مَا قَالَ اللّٰہُ تَعَالٰی اور ان کا حال وہ پہنچ گیا تھا تنگی کا سختی کا پریشانی کا جس کا قرآن نے نقشہ کھینچا ہے ( وَاِذْ زَاغَتِ الْاَبْصَارُ وَبَلَغَتِ الْقُلُوْبُ الْحَنَاجِرَ وَتَظُنُّوْنَ بِاللّٰہِ الظَّنُّوْنَا ) ١ حلق کلیجہ کھنچ کر اوپر آ رہا تھا یہ حالات تھے ، پتہ نہیں کیا بنے گا ؟ رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم نے عُیَیْنَةَ بْنَ حِصْنٍکی طرف کفار کا\n
\n١ سورة الاحزاب : ١٠\n
\nآدمی بھیجا جو بڑا لیڈر تھا اور یہ فرمایا کیا خیال ہے تیرا کہ اگر تجھے میں اہل مدینہ کی جو پیداوار ہو گی پھل کی اس کا ثلث دے دوں اَرَاَیْتَ اَتَرْجِعُ بِمَنْ مَعَکَ مِنْ غَطْفَانَ تیرے پاس غَطْفَانْ کے لوگ ہیں انہیں لے کر تو واپس چلا جائے گا ؟ قوت توڑنے کے لیے ان کی اسے پیشکش کی نبی علیہ السلام نے کہ جو مدینہ منورہ کے باغات وغیرہ سے پیداوار ہو گی ان کھیتوں سے اس کا ثُلث تجھے ہم دے دیں تو واپس چلا جا ! دیکھو معاہدے ہو رہے ہیں بات ہو رہی ہے ، فوجیں موجود ہیں نبی علیہ السلام بھی میدان میں آئے ہوئے ہیں اندر مدینہ کے بیٹھے ہیں خندق کے اِدھر یہ اور خندق کے اُدھر وہ ! اور اس وقت ان کی بڑی زبردست طاقت تھی ، صحابہ بھی پریشان تھے حالات انتہائی خطرناک اور نازک تھے تو نبی علیہ السلام نے مصلحتاً یہ چیز کی ! فَقَالَ اِنْ جَعَلْتَ لِیَ الشَّطْرَ فَعَلْتُ اس نے کہا اگر کچھ کریں گے اس میں سے حصہ تو میں کر لوں گا، ایک تو یہ روایت آتی ہے\n
\nدوسری روایت میں آتا ہے اَرْسَلَ عُیَیْنَة اِلَی النَّبِیِّ صلی اللہ عليہ وسلم تُعْطِیْنَا ثَمَرَ الْمَدِیْنَةِ ہٰذِہِ السَّنَةَ عُیَیْنَة نے نبی علیہ السلام کوپیغام بھیجا کہ آپ ہمیں اس سارے سال کا پورا پھل دے دیں وَنَرْجِعُ عَنْکَ تو ہم چلے جائیں گے ! میں اپنے فوجی اور اپنے آدمی لے کر ہٹ جاؤں گا بشرطیکہ سارا پھل دیں ، آپ نے تو ثُلث کہلایا تھا ! تو ایک اور روایت میں یہ آتا ہے، اس میں یہ کہا وَنُخَلِّیْ بَیْنَکَ وَبَیْنَ قَوْمِکَ فَتُقَاتِلُہُمْ آپ اور آپ کی قوم کے درمیان سے ہم پیچھے ہٹ جائیں گے ! آپ پھر ان سے اپنے قوم سے لڑیں عربوں سے جو عرب آئے ہوئے ہیں ، وہ اور آپ جانیں کیونکہ یہ بھی بیچ میں ساتھ دے رہے تھے، یہ تھے ادھر خیبر کی طرف شام کی طرف یہ لوگ رہتے تھے ، اس میں آ رہا ہے آپ نے فرمایا لَا نہیں سارا تو نہیں دوں گا پھل ،سارا پھل تمہیں دے دیں تو پھر ہم کیا کھائیں گے ، بعد میں کیا رہے گا ؟ سارے پر نہیں ہوگا معاہدہ تو کہنے لگا فَنِصْفَہْ نصف پھل ؟ نبی علیہ السلام نے فرمایا تھا ثلث ایک تہائی ! اس نے کہا نہیں آدھا ! پہلے پورا مانگا ؟ ! پھر کہنے لگا آدھا ! نبی علیہ السلام نے فرمایا فَقَالَ نَعَمْ ٹھیک ہے پھر آجائیے دے دیں گے ! دیکھو ان کی شوکت قوت توڑنے کے لیے مصلحتاً بہت سی چیزیں کرنی پڑتی ہیں ! !\n
\nنبی علیہ السلام کا مشورہ فرمانا :\n
\nثُمَّ اَرْسَلَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ عليہ وسلم اب نبی علیہ الصلوة السلام نے حضرت سعد بن معاذ کو بلایا جو قبیلہ اوس کے سردار تھے اور حضرت سعد بن عبادة کو بلایا جو قبیلہ خزرج کے سردار تھے ، ان دونوں کو بلا لیا مشورہ کیا وَہُمَا سَیِّدَا الْحَیَّیْنِ دونوں قبیلوں کے سردار تھے فَاسْتَشَارَہُمَا دونوں سے مشورہ کیا کہ میں یہ کرنا چاہتا ہوں یہ میں نے بات کی ہے ایسا پیغام آیا ہے تو میں نصف چاہتا ہوں کہ اگر ہم کر لیں اور وہ چلا جائے وَقَدْ حَضَرَ عُیَیْنَةُ ، عُیینة بھی آگیا وہ بھی آیا ہوا تھا بات کرنے اور کہا اُکْتُبْ بَیْنَنَا ِکتَابًا اس نے کہا معاہدہ لکھ لیں فَدَعَا رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ عليہ وسلم بِصَحِیْفَةٍ وَدَوَاةٍ لِیَکْتُبَ بَیْنَہُمْ دوات منگوائی کاغذ منگوایا معاہدہ لکھا جا رہا ہے ! ان دونوں سرداروں سعد بن معاذ اور سعد بن عبادة نے کہا، دونوں کے نام سعد ہی تھے ، انہوں نے عرض کیا یَا رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ عليہ وسلم اُوْحِیَ اِلَیْکَ فِیْ ہٰذَا ؟ کیااس معاملے میں جناب کو وحی کی گئی ہے ؟ اللہ کی طرف سے وحی آئی ہے جو آپ یہ کررہے ہیں ؟ فَقَالَ لَا فرمایا نہیں ، وحی تو نہیں آئی لیکن رَاَیْتُ الْعَرَبَ قَدْ رَمَتْکُمْ عَنْ قَوْسٍ وَاحِدَةٍ میں نے دیکھا ہے کہ عرب ایک ہی قوس سے تم کو ماریں گے ! یہ ایک مضبوط قوس ہے اور سب مل کر ایک ہو کر یعنی متحد ہو کر تمہارے خلاف آ گئے ہیں تو میں نے چاہا کہ اَرَدُّہُمْ عَنْکُمْ ان کو تم سے کسی طرح واپس کروں ،اس طرح ان کی قوت ٹوٹے ! !\n
\nگو نقصان ہو گا مال ہمارا خرچ ہو گا لیکن اس صورتحال کو اس وقت اتنی نازک اور خطرناک ہے کہ چوبیس ہزار افراد آپ خود سوچیں کہ چھوٹی سی بستی مدینہ منورہ کتنا بڑا ہے وہاں چند ہزار ہی لوگ رہتے ہیں تو وہ ہیں پھر چوبیس ہزار کا لشکر آیا ہوا ہے، یہ لشکر اگر اندر دھاوا بول دیتا خدانخواستہ خندق نہ ہوتی تو کیا بچتا ؟ بظاہر کچھ نہیں بچنا تھا ! اللہ کی مدد اور نصرت ہو تو وہ اور بات ہے لیکن مادی اعتبار سے تو ان تین چار ہزار کو کچل کے رکھ دیتے ، گھر بار آگ لگا دیتے ، توڑ تاڑ دیتے ، چند گھنٹوں میں سب کچھ ختم ہو جاتا ! تو ظاہر ہے صحابہ کی پریشانی اپنی جگہ بالکل صحیح تھی حالات تو بہت سنگین تھے ! فَقَالَ انہوں نے عرض کیا یا رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم یہ جن سے آپ معاہدہ کر رہے ہیں یہ جاہلیت میں چمڑا وغیرہ جو ہوتا ہے چمڑا یہ اس قسم کی چیزیں کھاتے تھے سب کچھ کرتے تھے، انہوں نے ہم سے کبھی امید نہیں رکھی وَمَا طَمَعُوْا مِنَّا قَطُّ کبھی کوئی طمع ہم سے انہوں نے وابستہ نہیں کی تھی سخت حالات بھی ان لوگوں پر آئے ہیں اَنْ یَّأْخُذُوْا ثَمَرَةً کہ وہ ہم سے پھل لیں مگر یہ کہ انہوں نے ہم سے خریدا تھا اس وقت بھی یا رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم خریدتے تھے ہم سے لیتے تھے خرید کر ، فَحِیْنَ اَیَّدَنَا اللّٰہُ تَعَالیٰ بِکَ یَا رَسُوْل اللّٰہ صلی اللہ عليہ وسلم اب تو آپ جیسا وجودِ مسعود ہمارے اندر موجود ہے آپ کی وجہ سے اللہ نے ہماری مدد کر دی اور وَاَکْرَمَنَا ہمیں اکرام بخشا اللہ نے وَہَدَانَا بِکَ آپ کے طفیل اللہ نے ہمیں ہدایت بھی دے دی تو یارسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم اس کے بعد ہم پھر اس ذلت سے دوچار ہوں ! یہ ہماری رائے نہیں ہے، مشورہ ہورہا ہے وحی ہے یا نہیں ہے ؟ آپ نے پہلے پوچھ لیا تھا کہ کیا یہ وحی ہے ؟\n
\nایک سبق ، عقل کا استعمال :\n
\nاب یہاں ایک اور سبق مل رہا ہے کہ عقل کا استعمال ہوگا، عقل کا استعمال کریں گے ، نبی علیہ السلام بھی اپنا مشورہ دے رہے ہیں صحابہ بھی دے رہے ہیں ،لیکن جہاں وحی ہوگی وہاں عقل کا استعمال ختم ہوجائے گا اس لیے پہلے سوال انہوں نے کیا یا رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم وحی ہے ؟ وحی ہے پھر تو ہم کچھ نہیں کرتے ،بس ٹھیک ہے پھر تو ایمان لے آئے ختم بات ، چاہے کچھ بھی ہو لیکن یا رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم اگر وحی نہیں ہے تو پھر ہماری یہ گزارش ہے بڑے ادب سے جیسے ہوتا ہے یا رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم اس وقت ان کا یہ حال تھا آج اللہ تعالیٰ نے آپ کو ہمارے اندر بھیج دیا اور آپ کی بدولت اللہ کی تائید ہے تو پھر ہم یہ ذلت کیوں اٹھائیں ،یا رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم جب آپ بھی ہمارے اندر موجود ہیں لَا نُعْطِیْہِمْ اِلاَّ السَّیْفَ ہم سوائے تلوار کے انہیں کچھ نہیں دیں گے ! دونوں سرداروں نے یہ کہا فَشَقَّ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ عليہ وسلم اَلصَّحِیْفَةَ ، نبی علیہ السلام نے اسی وقت کاغذ پھاڑ دیا پھینک دیا کیونکہ نبی علیہ السلام کو یہ گمان تھا کہ یہ بیچارے پریشان ہو رہے ہیں ان حالات سے اتنا بڑا دشمن آ گیا اور انصار نے کہاں کہاں ہماری مدد کی ، کتنا کچھ مہاجرین کے لیے کر رہے ہیں ، آج تو بالکل ختم ہی ہوجائیں گے، جب اس خیال سے آپ نے یہ بات کی اور جب دیکھا کہ یہ اللہ کے فضل سے اتنے مضبوط ہیں تو پھر معاہدہ پھاڑ دیا کہ بس ٹھیک ہے ! پھر اللہ پر بھروسہ ہے جب تمہیں اللہ نے اتنا مضبوط کیا اور ہمت دی ہے تو پھر صحیح ہے ، پھاڑ دیا فَشَقَّ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ عليہ وسلم اَلصَّحِیْفَةَ وَقَالَ اِذْہَبُوْا لَا نُعْطِیْہِمْ اِلاَّ السَّیْفَ جائو سوائے تلوار کے اور کوئی چیز نہیں ہے ! اللہ پر بھروسہ بھی ہے ،اسباب پر نظر بھی ہے، اسباب کی وجہ سے اپنی بے بسی کا احساس بھی ہے لیکن اسباب ہوں تو بھی بھروسہ اللہ پر اور نہ ہوں تو بھی بھروسہ اللہ ہی پر ہوتا ہے !\n
\nحضرت اُسید بن الحضیر رضی اللّٰہ تعالٰی عنہ جو قبیلہ اوس کے بڑے لوگوں میں تھے اس کی طرف متوجہ ہوئے ! اب تک تو اسے بٹھا رکھا تھا اور بات کر رہا تھا مست ہو کر آیا ہوا تھا اور عُیینة بیچ میں بیٹھا ہوا ہے اسی میں گفتگو ہوئی وَعُیَیْنَةُ عِنْدَ النَّبِیِّ صلی اللہ عليہ وسلم مَادًّا رِجْلَیْہِ اور عیینة نبی علیہ السلام کے پاس بیٹھا ہوا تھا پاؤں پھیلا کر ، وہ بھی سردار تھا سرداری کا خمار تھا، تکبر ، غرور ، کفر سب چیزیں جمع تھیں ساری خصلتیں گندی موجود تھیں تو وہ پاؤں پسارے بیٹھا ہوا تھا پاؤں پھیلا کر تو اس سے کہا اے عیینة او بندر ، او لومڑ یہ لفظ بولا انہوں نے اَلْہَجْرَسْ کا لفظ آتا ہے اَلْھِجْرَسْ یا اَلْہَجْرَسْ جو بھی اس کا تلفظ اس کا مطلب یہ ہے کہ لومڑ ، لومڑی ، گیدڑ ، لومڑی ، بندر ! !\n
\nتو بہرحال اس کو ذلیل کرنے کے لیے لفظ انہوں نے کہا یَا عُیَیْنَةَ الْھَِجْرِسْ اِقْبِضْ رِجْلَیْکَ اَتَمُدَّ رِجْلَیْکَ بَیْنَ یَدَیْ رَسُوْلِ اللّٰہِ صلی اللہ عليہ وسلم اے عُیینة پاؤں پیچھے کر ، پاؤں سمیٹ کر بیٹھ، نبی علیہ السلام کے سامنے پاؤں پسار ے بیٹھا ہوا ہے ! اب جب فیصلہ تلوار کا ہو گیا تو پھر زبان بھی تلوار بن رہی ہے ، پھر قلم بھی تلوار ، ہر چیز تلوار ہے ! جب رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم نے دیکھ لیا کہ میرے ساتھی ہمت سے ہیں گھبرائے ہوئے نہیں ہیں اور اللہ پر بھروسہ ہے تو وہ معاہدہ پھاڑ دیا اور دونوں سرداروں نے فرمایا کہ چل اُٹھ تلوار ! اور اُسید بن الحضیر نے آکر اس کی خبر لی کہ تو بیٹھا ہوا ہے رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم کے سامنے پاؤں پھیلا کر تجھے شرم نہیں آتی ،بندر کہیں کے ! !\n
\nتو معلوم ہوا کہ ایسے موقع پر ایسا لفظ ایسے کمینے کو کہنا پڑے توکہا جا سکتا ہے کیونکہ حالت جنگ کی ہے اور اس کی فوجیں باہر بیٹھی ہوئی ہیں حالت ِحرب بنی ہوئی ہے لیکن ماریں گے نہیں کیونکہ وہ اس وقت نمائندہ بن کر آیا ہوا تھا بات کر رہا ہے، مارا نہیں ، لیکن گفتگو ہو رہی ہے وہ بدتمیزی کر رہا ہے، بیٹھا ہے ایسے تو انہوں نے بھی کہا وَاللّٰہِ لَوْلَا رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ عليہ وسلم لَاَنْفُذَنَّ خُصْیَتَیْکَ بِالرُّمْحِ بخدا اگر رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم نہ ہوتے تو میں تیرے خصیے نیزہ سے پھاڑ دیتا ! یہ کہہ رہے ہیں کیونکہ پاؤں پھیل گئے تو ٹانگیں کھلی ہوئی تھیں تو انہوں نے کہا کہ میں ان کو پھاڑ دیتا نیزہ مار کر ، نیزہ مارتا تجھے پتہ چل جاتا ! یہ تو رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم موجود ہیں ان کا ادب ہے کہ اس کی وجہ سے میں یہ نہیں کر رہا ورنہ تو اس قابل ہے کہ تیرے ساتھ یہ سلوک کیا جائے ! انہوں نے خوب خبر لی اس کی ! !\n
\nسیاست کے اسلامی اصول :\n
\nفَفِیْ ہَذَا الْحَدِیْثِ اس حدیث میں بیان ہے اَنَّ عِنْدَ الضَّعْفِ لَا بَاْسَ بِہٰذِہِ الْمُوَادَعَةِ آپ کو سیاست سکھائی جارہی ہے ، جنریلی ، سرداری سکھائی جا رہی ہے اس کے اسلامی اصول بتائے جارہے ہیں کہ ایسا ضعف یا کمزوری آجائے تو اس وقت معاہدہ کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم بھی کر رہے تھے فَقَدْ رَغِبَ فِیْہَا نبی علیہ السلام نے اس کو اختیار فرمایا رغبت تھی آپ کی معاہدہ ہو جائے فَقَدْ رَغِبَ فِیْہَا رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ عليہ وسلم حِیْنَ اَحَسَّ بِالْمُسْلِمِیْنَ ضَعْفًا وَعِنْدَ الْقُوَّةِ لَا تَجُوْزُ ہٰذِہِ الْمُوَادَعَةِ ہاں اگر مضبوط ہوں تو پھر اس طرح کے معاہدے کرنے جائز نہیں ہیں ! فَاِنَّہُ لَمَّا قَالَتِ الْاَنْصَارُ مَا قَالَتْ کیونکہ جب انصار نے کہا وہ جو کہا آپ صلی اللہ عليہ وسلم نے سن لیا : یا رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم تلوار ! یا رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم جب وحی نہیں ہے تو پھر ٹھیک ہے ہم لوگ تیار ہیں لَمَّا قَالَتِ الْاَنْصَارُ مَا قَالَتْ عَلِمَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللہ عليہ وسلم مِنْہُمُ الْقُوَّةَ جب رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلم نے صحابہ کرام کے حوصلے دیکھے کہ ان میں قوت ہے مضبوط ہیں حوصلے بلند ہیں فَشَقَّ الصَّحِیْفَةَ تو نبی علیہ السلام نے کاغذپھاڑ دیا وَفِیْہِ دَلِیْل اَنَّ فِیْہَا مَعْنَی الْاِسْتِذْلَالِ اس میں یہ بھی بات معلوم ہوگئی کہ اس چیز میں ،اس قسم کے معاہدے میں ایک قسم کی ذلت ہے مجبوراً کی جائے گی ورنہ نہیں کی جائے گی ،کیسے پتہ ذلت ہے ؟ وَلِاَجْلِہِ کَرِہَتِ الْاَنْصَارُ دَفْعَ بَعْضِ الثِّمَارِ فرماتے ہیں اسی وجہ سے تو انصار نے ناپسند کیا کہ بعض ثمر ان کو دیں اورمعاہدہ کریں اس میں ہماری ذلت ہے !\n
\nوَالْاِسْتِذْلَالِ لَا یَجُوْزُ اَنْ یَّرْضِیَ بِہِ الْمُسْلِمُوْنَ اور ذلت اختیار کرنا جائز نہیں ہے کہ مسلمان اس پر راضی ہوں اِلَّا عِنْدَ تَحُقُّقِ الْضُرُوْرَةِ ہاں اگر کوئی مجبوری آجائے تو پھر معاہدے ایسے کرنے پڑ جائیں تو پھر کرسکتے ہیں ! اس لیے کیا جائے گا کہ ہم بالکل ہی ختم ہوجائیں اس کی بہ نسبت بہتر ہے کہ ہم کچھ تو بچ جائیں تو اس لیے معاہدے کیے جائیں ! بس آج کی باتیں یہ تھیں ! !\n
\nاللہ تعالیٰ سمجھ کی بھی توفیق دے ، عمل کی بھی توفیق دے اور ان اکابر کو اور ان حضرات کو جنہوں نے اتنی خدمت کی اور یہ مسائل جمع کیے ہیں جزائے خیر عطا فرمائے ان کی برکات ہمیں عطا فرمائے ، آمین !\n
\nوَآخِرُ دَعْوَانَا اَنِ الْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ\n
\n٭٭٭\n
\n\n
\n\n
\n\n
\n\n
\nمحترم قاری حافظ رشید احمد صاحب شریفی\n
\n( حضرت مولانا قاری تنویر احمد صاحب شریفی ،ناظم مجلس یادگار شیخ الاسلام پاکستان ،کراچی )\n
\n٭٭٭\n
\n١٨ صفر المظفر ١٤٤٨ھ/ ٢ اگست ٢٠٢٦ء بروز اتوار ظہر کی نماز کے بعد سوا دوبجے جد ِ امجد حضرت الاستاذ مولانا قاری شریف احمد صاحب قدس اللہ سرہ العزیز کے اکلوتے صاحبزادے، میرے والد گرامی مرتبت محترم قاری حافظ رشید احمد صاحب چودہ ماہ کی طویل اور شدید علالت کے بعد رب کے حضور چلے گئے اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔ اِنَّ لِلّٰہَ مَا اَخَذَ وَلَہُ مَا اَعْطٰی وَکُلَّ عِنْدَہُ بِاَجْلِ مُسَمّٰی ، رَحِمَہُ اللّٰہُ تَعَالٰی رَحْمَةً وَّاسِعَةً !\n
\nجو اس دنیا میں آیا ہے اسے جانا ہی ہے، جس طرح کسی کے آنے پر خوشی منائی جاتی ہے، حقیقت یہ کہ جانے پر اس سے زیادہ خوشی کا موقع ہوتا ہے، اس لیے کہ اپنے رب سے ملاقات کر رہا ہے، لیکن جانے والا احباب و اقارب کے درمیان جو وقت دنیا میں گزارتا ہے اور جتنا بھی گزارتا ہے ، اس معیت کے ختم ہونے کا افسوس اور غم ہوتا ہے ورنہ جانے کا غم نہیں ہوتا دنیا میں معیت ختم ہوجاتی ہے، بس آخرت میں اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے پھر معیت میسر فرمائے، آمین !\n
\nمیرے والد گرامی علیہ الرحمہ کی پیدائش ١١ شعبان المعظم ١٣٦٥ھ/ ١١ جولائی ١٩٤٦ء بروز جمعرات، کیرانہ ضلع مظفرنگر (متحدہ ہندوستان) میں ہوئی۔ اس وقت حضرت قاری صاحب کی اہلیہ محترمہ (میری دادی اماں ) اپنے والدین کے ہاں کیرانہ گئی ہوئی تھیں ، ٹیلیفون بھی خال خال کہیں ہوتا تھا ، تار کے ذریعے اہم خبریں بھیجی جاتی تھیں ۔ حضرت قاری صاحب دہلی کے علاقے کوچہ قابل عطار میں رہتے تھے، وہاں تار آیا لیکن اس وقت حضرت قاری صاحب اپنے مدرسے اور مسجد (حوض والی ) نئی سڑک) میں تھے کوچہ قابل عطارسے ایک طالب پڑھنے آتے تھے ، حضرت قاری صاحب تحریر فرماتے تھے\n
\n\'\'حوض والی مسجد میں آکر قاضی نصیر نے خبردی کہ رشید احمد پیدا ہوئے ہیں \'\' ١\n
\n١ تذکرہ حفاظ (قلمی رجسٹر) ص ٢٤\n
\nحافظ قاضی نصیر الدین صاحب حضرت قاری صاحب کے شاگرد تھے، بعد میں عالم دین بھی ہوئے اور جامعہ عربیہ انوار الاسلام ، اجڑ اڑہ ضلع میرٹھ کے ١٩٨٠ء کی دھائی میں مہتمم ہوئے ۔\n
\nمیرے والد گرامی کا نام کس شخصیت کے نام پر رکھا گیا ؟ اس کے متعلق حضرت قاری صاحب کا حضرت مولانا احمد علی صاحب لاہوری نور اللہ مرقدہ کے نام ایک مکتوب ہے ،اس میں تحریر فرماتے ہیں :\n
\n\'\'میرا ایک لڑکا ہے، پانچ بچے فوت ہوچکے ہیں ،اس بچے کا مولانا گنگوہی کے نام پر میں نے نام رکھا ہے................\'\' (تذکرة الشریف نقش اوّل ص ٩٧)\n
\nمکتوب کی اس عبارت سے واضح ہوگیا کہ امامِ ربانی فقیہ النفس حضرت مولانا رشید احمد صاحب گنگوہی نور اللہ مرقدہ کے نامِ نامی پر والد گرامی کا نام رکھا گیا ۔تاریخی نام \'\'محمد مظفر احمد\'\' تھا، اس سے ١٣٦٥ھ برآمد ہوتے ہیں ۔\n
\nحضرت قاری صاحب تقسیم ِ ہند سے کچھ ہی دن پہلے دہلی سے براستہ کھوکھر اپار سندھ کراچی کی بندرگاہ پہنچے اور یہاں سے ٢٧ رمضان المبارک ١٣٦٦ھ / ١٤ اگست ١٩٤٧ء کو بحری جہاز سے حج کو روانہ ہوگئے۔ اسی دن تقسیمِ ہند ہوا اور\'\' پاکستان\'\' کے نام سے ایک ملک ہندوستان سے الگ ہوگیا ، اور حضرت قاری صاحب جب مکہ مکرمہ پہنچ گئے تو معلوم ہوا کہ دہلی کے علاقے پہاڑ گنج میں فسادات ہوگئے ہیں ،پہاڑ گنج میں حضرت قاری صاحب کے بھائی صاحبان اور والدہ محترمہ رہا کرتی تھیں ۔ والد گرامی نے \'\'تذکرة الشریف\'\' کے نقش ِ ثانی میں مطالعہ کے دوران مختلف حواشی تحریر فرمائے ہیں جو تاوقت ِتحریر غیر مطبوعہ ہیں ،اس میں ایک جگہ لکھا ہے :\n
\n\'\'یہ حج بیت اللہ میں دعاؤں کی برکت تھی کہ جان و مال سب حفاظت سے رہا، قاری صاحب کے دیگر خاندان والوں کی جان محفوظ رہی، مال کسی کا محفوظ نہ رہا ، قاری صاحب کا یہ کہنا بھی تھا کہ حج کے سفر میں تمام ساتھیوں نے حرم میں دعا کی، اس میں اللہ سے جان کی حفاظت کے لیے دعا کی، مال و اسباب کی حفاظت کی کسی نے دعا نہیں کی، چنانچہ تمام ساتھیوں کے ساتھ یہی معاملہ ہوا ،جان و مال محفوظ رہا\'\'\n
\nتقسیم ملک کے وقت والد گرامی کی عمر تیرہ ماہ تھی حضرت قاری صاحب حج کو جاتے ہوئے اہلیہ اور صاحبزادے کو کیرانہ چھوڑ کر گئے تھے کہ حج سے واپسی پر پھر دہلی آجائیں گے، لیکن حالات ایسے بدترین ہوئے کہ حج سے واپس آنے کے بعد کراچی کو اپنا وطن بنانا پڑا ۔ ١٩٤٨ء میں حضرت قاری صاحب نے اہلیہ اور صاحبزادے (میری دادی اور والد محترم ) کو کراچی بلالیا۔ والد گرامی کے نانا اورحضرت قاری صاحب خسر محترم حافظ عبدالرزاق صاحب (رحمة اللہ علیہ) اپنی صاحبزادی اور نواسے کو رخصت کرنے دہلی آئے۔ دہلی کے ہوائی میدان پر یہ حضرات موجود تھے کہ گاندھی جی کا قتل ہوگیا ۔ حضرت قاری صاحب کو یہاں (کراچی)بڑی فکر ہوئی کہ نہ معلوم وہاں مسلمانوں کے ساتھ کیا ہوگا ؟ خدا کا کرنا کہ ٢٩ جنوری ١٩٤٨ء کوپاکستان ریڈیو نے خبروں میں بتلایا کہ گاندھی جی کو ایک ہندو نے قتل کیا ہے، تب جان میں جان آئی۔\n
\nحضرت قاری صاحب کی اہلیہ اورصاحبزادے بذریعہ ہوئی جہاز دہلی سے لاہور آئے، لاہور کے ہوائی میدان پر حضرت قاری صاحب موجود تھے۔ آپ کے چہیتے شاگرد حافظ محمد دین صاحب پراچہ (مرحوم) عرف بھائی دینی بھی دہلی سے اسی جہاز میں لاہور پہنچے تھے ۔\n
\nوالد گرامی نے حضرت قاری صاحب سے ہی قرآنِ مجید حفظ کیا، قرآنِ مجید کی تعلیم کی ابتداء یعنی بسم اللہ کے متعلق حضرت قاری صاحب حضرت مولانا احمد علی لاہوری کو لکھتے ہیں :\n
\n\'\'........قرآنِ مجید حفظ کر رہا ہے، مگر نہ معلوم کیا بات ہے جو پڑھتا ہے وہ بھول جاتا ہے، تیرہ سال کی عمر ہوگئی ہے، اس کی طرف سے طبیعت بہت متفکر رہتی ہے، اس کے لیے آپ سے دعاکی درخواست ہے، اور کوئی تدبیر ایسی بتلادیں جس سے یاد ہونے لگے اور حافظ قرآن ہوجائے ۔ چودہ پارے ہوگئے ہیں ،بچے کی بسم اللہ مولانا محمد صادق صاحب کھڈہ والوں نے پڑھائی تھی\'\' (تذکرة الشریف نقش اوّل ص ٩٧)\n
\nحضرت مولانا محمد صادق صاحب رحمة اللہ علیہ شیخ الہند حضرت مولانا محمود حسن محدث دیوبندی قدس اللہ سرہ کے خاص شاگرد اور ان کی جماعت وفکر کے اہم رکن تھے،مدرسہ مظہر العلوم کھڈہ کراچی کے روح رواں تھے ۔\n
\nحضرت لاہوری نے درج بالا مکتوب کے جواب میں جو وظیفہ تحریر فرمایا، عام استفادے کے لیے درج کیا جارہا ہے۔ آپ نے جواباً تحریر فرمایا :\n
\n\'\'حضرت مدنی رحمة اللہ علیہ کے جوتے کی خاک کو جو شرف حاصل تھا، وہ میرے سر کو حاصل نہیں ہے ١ چونکہ آپ نے ارشاد فرمایا ہے اس لیے کچھ عرض کردیتا ہوں ، اِنْ شَائَ اللّٰہُ تَعَالٰی اس میں نفع ہوگا۔ آپ روزانہ سو مرتبہ رَبِّ اَنِّیْ مَغْلُوْب فَانْتَصِرْ باوضو پڑھا کریں ۔اوّل و آخر ایک ایک مرتبہ درود شریف بھی پڑھ لیا کریں اور پڑھتے وقت اللہ کو حاضر و ناظر جانیں اور مقصد بچے کی اصلاح پیش ِنظر ہو\'\'\n
\n(یکم صفر١٣٧٨ھ/٧ اگست ١٩٥٨ء ) ( تذکرة الشریف نقش اوّل ص ٩٨)\n
\nحضرت لاہوری کے اس بتلائے ہوئے وظیفہ کی برکت سے اللہ تعالیٰ نے آسانی فرمادی، والد گرامی کا قرآنِ مجید ختم ہوگیا ۔ حضرت قاری صاحب تحریر فرماتے ہیں :\n
\n\'\'محمد مظفر احمد عرف رشید احمد نے قرآنِ مجید حفظ ختم کیا ۔ تاریخ ختم قرآنِ پاک ١٢ ربیع الاوّل ١٣٨١ھ /٢٤ اگست ١٩٦١ء \'\' (قلمی بیاض)\n
\nحضرت قاری صاحب نے اپنی بیاض میں والد گرامی کے تراویح میں قرآنِ مجید سنانے کی یاد داشت بھی لکھی ہے ، وہ اس طرح ہے جس کے مطابق پہلی محراب :رمضان المبارک ١٣٨٣ھ /جنوری، فروری ١٩٦٤ء ٢\n
\n١ حضرت لاہوری نے یہ جو لکھا ،یہ جواب تھا حضرت قاری صاحب کی اُس بات کا کہ انہوں نے اپنی ارادت کے تعلق کاحضرت شیخ الاسلام مولانا مدنی کا حوالہ دیا تھا۔ (شریفی)\n
\n٢ والد صاحب مرحوم نے لکھا ہے کہ\'\'١٩٦٣ء کے رمضان میں شروع کی چار رکعت میں پائو پارہ روزانہ تراویح میں پڑھتا تھا اور بعد کی سولہ رکعت میں سوا پارہ ابا پڑھتے تھے۔ یہ تراویح میں مستقل طور پر سنانے سے ایک سال پہلے کی اور مسجد سٹی اسٹیشن کراچی کی بات ہے \'\' \n
\nپانچ سال متواتر جامع مسجد سٹی اسٹیشن، میکلوڈ روڈ (حال : آئی آئی چندریگر روڈ کراچی میں حضرت قاری صاحب کی جگہ سنایا تھا) ١\n
\nچھٹی محراب : رمضان المبارک ١٣٨٨ھ / نومبر ، دسمبر ١٩٦٨ء ۔ آپ نے جامع مسجد ناظم آباد نمبر ایک میں سنائی۔ محترم حاجی محمد عارفین صاحب (رحمة اللہ علیہ) حضرت قاری صاحب سے ایک سال کے لیے بہ اصرار لے کر گئے تھے۔ اس سال آپ کی سماعت حضرت قاری صاحب کے شاگرد (جو والد گرامی کے بھی شاگرد تھے جمال القرآن پڑھی تھی ) جناب حافظ سید علی شاہ صاحب (ابن حضرت مولانا سیّد منھمر شاہ صاحب) نے کی تھی۔ حاجی صاحب مرحوم گاڑی بھیجتے تھے اور واپسی میں ان کے صاحبزادے مولانا فضل ربی صاحب ندوی (رحمہ اللہ) چھوڑنے آتے تھے جنہوں نے بعد میں \'\' مجلس نشریاتِ اسلام \'\'قائم کیا تھا ۔\n
\nساتویں محراب سے مسجد البرید جنرل پوسٹ آفس کراچی میں پڑھنا شروع کیا ، یہاں کے امام صاحب حضرت مولانا محمد فہیم صاحب ایک جید عالم تھے حافظ نہیں تھے ، بعد میں متحدہ عرب امارات میں وزارت مذہبی امور میں ائمہ کرام کے انچارج بنائے گئے تھے مولانا بھی حضرت قاری صاحب کے شاگرد تھے والد صاحب تحریر فرماتے ہیں \n
\n\'\'شروع کے تین سال سولہویں سے چھبیسویں شب تک تین پارے یومیہ سنائے ۔ان تین سالوں میں پہلی شب سے پندرھویں شب تک حافظ محمد رفیع ابن مولانا محمد احمد موقع پراچہ سناتے تھے مسجد البرید میں بتیسویں محراب تک سنایا \'\'\n
\n١١ شعبان المعظم ١٤١٣ھ/ ٤ فروری ١٩٩٣ء برادرم فرید احمد شریفی سلمہ الکریم حافظ قرآن ہوگئے تھے اور رمضان المبارک ١٤١٥ھ/ فروری ١٩٩٥ء میں انہوں نے پہلی مرتبہ سنایا۔\n
\n١ ابھی میں نے یہیں تک لکھا تھا کہ ٢١ صفر المظفر ١٤٤٨ھ /٥ اگست ٢٠٢٦ء کو حضرت قاری صاحب کے شاگرد اور والد محترم کے رفیق و دوست جناب حافظ شہاب الدین صاحب قریشی(صدر تنظیم القراء و الحفاظ ٹرسٹ پاکستان ، کراچی ) کا بھی طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ! تین دن کے فرق سے دونوں ساتھی چلے گئے ، رہے نام اللہ کا ! (شریفی)\n
\nحضرت قاری صاحب نور اللہ مرقدہ کا ملفوظ ہے فرمایا کرتے تھے کہ کسی حافظ کی اولاد بھی اللہ کے فضل سے حافظ ہوجائے تو باپ کو قربانی دینی چاہیے کہ اس کے لیے اپنی جگہ خالی کردے اور اسے وہاں کھڑا کرے، یا کوئی معقول جگہ کا اس کے لیے انتظام کرے، ورنہ بچہ ضائع ہوجاتا ہے ، میرے والد صاحب علیہ الرحمہ نے حافظ فرید احمد سلمہ کے لیے اپنی جگہ چھوڑ دی اور انہوں نے مسجد البرید میں سنایا۔\n
\nتینتیسویں محراب سے چھتیسویں محراب تک چار سال مسجد عائشہ پاکستان چوک میں پڑھا ۔ مصلے پر مرکزی تراویح میں ختم قرآن کے بعد اگلی رات شروع کرتے اور سات دن میں ختم کرتے تھے۔ اس میں تکلیف دہ بات یہ ہوئی کہ تبلیغی جماعت کے بعض ناہنجار جو اِس مسجد میں تراویح پڑھتے تھے یا ان دنوں اعتکاف کرتے تھے، وہ تراویح میں شرکت نہیں کرتے تھے ۔ انہوں نے مسجد کے ہال کے دروازے بند کیے اور صحن میں اپنی سورت تراویح پڑھی اور صحن میں یار دوستوں سے گپ ہانکی۔ یہی حال دکھنی مسجد میں بھی تھا ۔ باب الاسلام مسجد برنس روڈ میں بھی یہی ہوتا تھا ۔میں نے اس پر فتوے منگائے، دکھنی مسجد میں تو حضرت حسن محمد شاہ صاحب نے اسے بند کرادیا، اور مسجد عائشہ سے میں نے ہر ایسے معتکف کو جو اِس میں ملوث تھا، آئندہ سال اعتکاف میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی، ہماری ان سے ہمیشہ کے لیے جان چھوٹ گئی ۔\n
\nاڑتیسویں محراب سے پچاسویں محراب تک مدرسہ تعلیم القرآن شریفیہ، قرآن منزل، پاکستان چوک میں سنائیں ،سینتیس محراب تک مسجد کے مصلے پر تمام محرابیں ہوئیں اور اڑتیسویں سے بلا مصلے کے !\n
\n١٤٣٢ھ / اگست ٢٠١١ء کا رمضان المبارک حضرت قاری صاحب کے وصال کے بعد پہلا رمضان تھا،اس میں والد محترم نے طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے مدرسے میں نہیں پڑھا ، البتہ گھر میں نفلوں میں پڑھا تھا، مدرسے میں حافظ محمد شیراز صاحب پراچہ (جدہ آئس کریم) نے پڑھا تھا۔\n
\nستاونویں سال والد محترم نے اپنے پوتے حافظ ابتسام احمد سلمہ ابن حافظ منیر احمد شریفی کے ساتھ مل کر پڑھا ، تراویح کے بعد دونوں نے بقیہ پارے نفلوں میں پڑھے۔\n
\nتراویح میں سنانے کا خلاصہ یہ ہوا کہ :\n
\n٭ پانچ سال جامع مسجد سٹی اسٹیشن کراچی میں اپنے والد گرامی اور استاد حضرت مولانا قاری شریف احمد صاحب قدس سرہ کی جگہ پر\n
\n٭ ایک سال جامع مسجد ناظم آباد نمبر١ میں \n
\n٭ چھبیس سال مسجد البرید ،جنرل پوسٹ آفس کراچی میں \n
\n٭ چار سال مسجد عائشہ پاکستان چوک میں \n
\n٭ چوبیس سال مدرسہ تعلیم القرآن شریفیہ قرآن منزل پاکستان چوک میں (کل ساٹھ مرتبہ)\n
\nرمضان المبارک ١٤٤٣ھ، ١٤٤٤ھ، ١٤٤٥ ھ اور ١٤٤٦ھ (یعنی ٢٠٢٢ء سے ٢٠٢٥ء تک ) چار سال گھر میں نفلوں میں پڑھا !\n
\n١٤٤٣ھ/ ٢٠٢٢ء میں مجھ سے فرمایا کہ تم قرآن منزل میں تراویح میں سنائو اس لیے کہ کمزوری کی وجہ سے والد محترم کی آواز ساتھ نہیں دے رہی تھی لیکن گھر میں بحمد اللہ پڑھا، اس طرح پینسٹھ مرتبہ رمضان المبارک میں اللہ کے فضل و کرم سے انہوں نے پڑھا ۔\n
\nاس کے علاوہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں رات کے آخری پہر میں حضرت قاری صاحب علیہ الرحمہ کے پڑھنے کا جو معمول تھا اس معمول میں بھی کئی مرتبہ شامل ہوئے۔\n
\nسٹی اسٹیشن کراچی کی مسجد میں اٹھائیسویں اور انتیسویں شب میں رمضان میں دو راتوں میں مدرسے میں پڑھنے والے بچے شبینہ میں پڑھتے ہیں ، یہ تربیتی شبینہ ہوتا ہے اس کی ابتداء والد محترم نے اپنے دور ِ طالب علمی میں حضرت قاری صاحب سے پوچھ کر کی تھی۔ یہ سلسلہ تقریباً ١٣٧٩ھ/ ١٩٦٠ء میں شروع کیا تھا، بحمداللہ تاحال یہ جاری ہے، اللہ تعالیٰ آگے بھی اسے جاری رکھے، آمین !\n
\nحفظ قرآنِ مجید کے بعد سندھ مدرسة الاسلام کراچی کے پروفیسر ماسٹر عبدالعلیم صاحب (مرحوم) نے سندھ مدرسے ہی کے ایک قابل ترین استاذ جو انگریزی اور حساب میں بہت جید تھے، ماسٹر عبدالحلیم صاحب کو والد محترم کے لیے مقرر کیا اور انہوں نے اس وقت کے کورس کے علاوہ انگریزی اور حساب انگلش میڈیم میں مکمل کرایا ۔\n
\nماسٹر عبدالعلیم صاحب لکھنو کے تھے۔ حضرت قاری صاحب جب حضرت مولانا قاری عبدالمالک صاحب سے پڑھنے ١٣٥٣ھ/١٩٣٩ء میں لکھنو گئے تھے، جب سے ماسٹر صاحب سے تعلق تھا (تفصیل دیکھیے : تذکرة الشریف نقش ِثانی ص ٩٤)\n
\nوالد محترم نے مدرسہ تعلیم القرآن شریفیہ ہی میں حضرت مولانا قاری شریف احمد صاحب کے علاوہ حضرت مولانا قاری فرید الدین صاحب امینی (نبیرہ حضرت مولانا امین الدین صاحب، بانی مدرسہ امینیہ دہلی) سے بھی تجوید پڑھی۔ اسی زمانے میں جناب قاری بشیر احمد صدیق صاحب (بعدہ مہاجر مدنی) سے بھی استفادہ کیا، قاری بشیر احمد صاحب سے بعد میں مسجد نبوی شریف میں روایت ورش پڑھی اسی زمانے میں ایک سال کے لیے لاہور چلے گئے اور دار العلوم الاسلامیہ میں حضرت مولانا قاری سراج احمد صاحب کی سرپرستی میں حضرت مولانا قاری عبدالعزیز صاحب شوقی سے استفادہ کیا ۔\n
\n١٩٦٣ء سے ١٩٧٠ء تک مدرسہ تعلیم القرآن شریفیہ دکھنی مسجد پاکستان چوک میں مستقل مدرس رہے ،جمال القرآن بھی زیر تدریس رہی ۔\n
\nآپ کے پڑھنے اور تجوید کے متعلق استاذ محترم ڈاکٹر حافظ ابو سلمان شاہجہان پوری رحمہ اللہ تحریر فرماتے ہیں :\n
\n\'\'.... وضو کیا اور فجرکی نماز پڑھی ،نماز مخدومی قاری رشید احمد صاحب نے پڑھائی تھی وہ بہت ٹھہر ٹھہر کر، دھیمی آواز سے، تجوید کے قواعد کی پوری پابندی کے ساتھ قرأت کرتے ہیں ۔ دل پر براہِ راست اس کا اثرہوتا ہے، ان کی قرأت سے دل میں بشاشت وسرور پیدا ہوتا ہے \'\' (تحفہ حج ص ٩١)\n
\nحضرت قاری صاحب کے بعض تلامذہ نے مدرسہ تعلیم ا لقرآن شریفیہ کے فارغ شدہ حفاظ کی ایک تنظیم \'\'تنظیم القرأ والحفاظ\'\' یکم ذو القعدہ١٣٩٥ھ/ ٦ نومبر ١٩٧٥ء کو قائم کی (اس کے اغراض و مقاصد کے لیے دیکھے : تذکرة الشریف نقش ِ ثانی ص٢٢٢ تا ٢٣٧)والد محترم کو تنظیم کا صدر منتخب کیا گیا ٢٥ ربیع الثانی ١٤١٠ھ/ ٢٥ نومبر ١٩٨٩ء میں تنظیم کو ٹرسٹ کے تحت رجسٹرڈ کرایا گیا جس میں بحیثیت ٹرسٹی چیرمین بنائے گئے ۔\n
\nاللہ تعالیٰ نے آپ کو تعمیر عمارات میں ذوقِ سلیم عطا فرمایا تھا ۔ سٹی اسٹیشن کی مسجد میں جو محراب مسجد کی تعمیر کے وقت سے تھی ، وہ حضرت قاری صاحب کے ذوقِ سلیم کی علامت تھی۔ والد محترم اس کے متعلق تحریر فرماتے ہیں :\n
\n\'\'تعمیری ذوق کی ایک علامت محراب کی جدت تھی۔ ایسی محراب پہلی مرتبہ تعمیر ہوئی تھی، بعد میں اور مساجد میں اس کی نقل کی گئی ۔ اس میں خوبی یہ تھی کہ تیسری منزل تک بغیر اسپیکر کے آواز آتی تھی (اور کسی بھی منزل پر اس کی وجہ سے صف میں خلل بھی نہیں آیا تھا)۔ پچاس سال اسی طرح کام چلا، پھر بھی ابا کو محراب میں مزید خوبصورتی اور سہولت کی فکر رہی۔ درمیان میں کئی مرتبہ ارادہ کیا کہ محراب میں تجدید کی جائے۔ اس محراب میں منبر نہیں تھا ، اور تنگ بھی اس قدر تھی کہ پڑھتے ہوئے دم گھٹتا تھا۔ منبر بھی لکڑی کا تھا جو اپنی نظیر نہیں رکھتا تھا ۔ایک مرتبہ محراب کا کام شروع بھی کرایا لیکن ایک (ریلوے کے) انجینئر حیات صاحب نے یہ کہہ کر کام رکوادیا کہ ہم خود اسے بنوائیں گے، لیکن انہوں نے کچھ نہ کیا۔ ٢٠٠١ء میں مسجد (سٹی اسٹیشن)کی کھڑکیاں اور فرش تبدیل کیا گیا، اس وقت محراب بھی جدید بنادی گئی \'\'\n
\nاس محراب کی جدید تعمیر والد محترم نے اپنے ذوق اور تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کی، جو فرش سے تیسری منزل تک ہے، ان ہی دنوں مدرسہ تعلیم القرآن شریفیہ کی عمارت قرآن منزل کی تعمیر بھی مکمل ہوئی، اس پر حضرت قاری صاحب کی خوشی کی انتہا نہیں تھی، اس خوشی کا اظہار وہ موقع بہ موقع کرتے تھے اور متعلقین سے فرماتے تھے کہ میرے لڑکے کو اللہ نے انجینئر بھی بنایا، قانون بھی جانتا ہے، حافظ قرآن بھی ہے، ہر فن مولا ہے ، او کمال قال !\n
\nاس موقع پر حضرت قاری صاحب نے مکتوب کی صورت میں ایک تحریر اپنے صاحبزادے (میرے والد محترم) کو لکھی، اس کا عکس یہ ہے :\n
\nگھر میں فرنیچر اپنے ہاتھ سے خود بناتے تھے۔جب مکتبہ رشیدیہ پاکستان چوک سے اردو بازار کراچی منتقل ہوا اور وہاں مجھے بٹھایا گیا تو وہاں کی الماریاں ، بجلی کا کام خود اپنے ہاتھ سے کیا۔ الماریاں اور کھڑکیاں ،دروازے لکڑی کے پسند کرتے تھے ،لوہے کے پسند نہیں تھے، فرماتے تھے کہ لوہے کا دروازہ صرف صدر دروازہ پر ہونا چاہیے ۔\n
\nآج کل جس مکان میں میری رہائش ہے، جب اسے لینے کا وقت آیا اور اسے دیکھنے گئے تو بہت بُری حالت میں تھا اس کی ایک وجہ اُس وقت کے وہاں کے مکین تھے ،میں نے کہا کہ یہ تو ایسا ہے ؟ فرمانے لگے: اس کی فکر نہ کرو، اپنے حساب سے کرلیں گے ۔ اپنی نگرانی میں اور بعض کام اپنے ہاتھ سے کیے تو نقشہ ہی بدل گیا فَجَزَاہُمُ اللّٰہ خَیْرًا !\n
\nفن خوش نویسی سے بھی شغف تھا ، استاد محترم منشی محمد یامین صاحب مرصع رقم دہلوی کے شاگرد تھے ۔ اگرچہ اس فن سے قلمی فائدہ کبھی نہ اٹھایا، لیکن کسی خطاط سے کام کرانے کا ذوق آگیا کہ کس سے کرانا چاہیے اور کون بد خط ہے ۔ مکتبہ رشیدیہ کی کتابوں کے سرورق کے بہت سے ڈیزائن ان کے اپنے بنائے ہوئے تھے ،سرورق کی کتابت اپنے استاذ محترم حضرت مرصع رقم دہلوی سے کراتے تھے یا منشی عبدالمجید دہلوی مرحوم کے ایک شاگرد تھے جو\'\' پیر جی \'\' سے مشہور تھے ان سے کراتے تھے۔\n
\nحفظ ِ قرآنِ مجید کے بعد ایک تعلق والے کے ہاں میڈیکل سٹور پر کام سیکھنے حضرت قاری صاحب کی منشا کے مطابق بیٹھے، لیکن اس کام کو انہوں نے پسند نہیں کیا ، اور اس کی وجہ بتلاتے تھے کہ ایک شخص دوا لینے آرہا ہے، اس کے پاس اٹھنی کم ہے تو دوا نہیں دے رہے ، یا دوا جو تجویز ہوئی ہے وہ نہیں ہے تو اس کے فارمولے کی دوسری دے دی، مریض کے لواحقین کا دل دکھتا تھا، اس لیے ان کے دل کے دکھن سے بچنے کے لیے وہاں سے چھوڑ دیا اور حضرت قاری صاحب نے جو اشاعتی ادارہ بنایا تھا، پھر اس کو آگے بڑھایا ۔\n
\nحضرت قاری صاحب نے ١٣٨٠ھ/ ١٩٦١ء میں کتابوں کی اشاعت کے لیے ادارہ قائم فرمایا تھا اور سب سے پہلے اپنی تالیف \'\'معلم الدین\'\' شائع کی تھی ۔یہ ادارہ \'\'رشید احمد ،مسجد ریلوے سٹی اسٹیشن کراچی \'\'کے نام سے تھا۔ سات آٹھ سال تک یہی چلتا رہا پھر اس کے بعد یہ ادارہ اپنے مکان میں منتقل کر لیا تھا، جو مولامنزل پاکستان چوک کی چوتھی منزل پر تھا ۔ میں نے اپنے والد محترم سے سنا ہے کہ اتنا سستا زمانہ تھا کہ دو ڈھائی سوروپے کی کوئی کتابیں خریدتا تھا تو اس کے کئی بنڈل بناکر رکشے تک چھوڑنے جاتے تھے ۔ ایک عرصے کے بعد ادارے کا نام \'\'ضمیر برادرز\'\' رکھ دیا تھا لیکن اس ادارے کے نام سے کوئی کتاب شائع نہیں کی ، چند ماہ بعد \'\'مکتبہ رشیدیہ\'\' کے نام سے ادارہ معنون ہوگیا اور بحمد اللہ تاحال یہی نام ہے۔\n
\nجب مکتبہ رشیدیہ پاکستان چوک سے اردو بازار منتقل ہوا تو حضرت قاری صاحب کی کتابوں کی اشاعت کے لیے \'\'مکتبہ شریفیہ\'\' بنایا گیا اس سے صرف حضرت قاری صاحب کی کتابیں شائع ہوتی ہیں \n
\n١٣٨٩ھ/١٩٧٠ء میں والد محترم اور والدہ محترمہ حج پر گئے، مکہ مکرمہ میں مورخِ ملت حضرت مولانا سیّدمحمد میاں صاحب رحمة اللہ علیہ سے ملاقات ہوئی ،حضرت والد ِ محترم تحریر فرماتے ہیں :\n
\n\'\'حضرت مولانا سیّد محمد میاں صاحب ١٩٧٠ میں حج کے لیے تشریف لائے، میں بھی اس سال حج کی سعادت کے لیے مکہ معظمہ میں تھا ۔ حضرت مولانا سیّد حامد میاں صاحبنے امانت والد صاحب (مولانا سیّد محمد میاں صاحب) کے لیے دی تھی ، میں یہ امانت دینے عشاء کے بعد محلہ مسفلہ میں گیا، میاں صاحب سے ملاقات ہوئی، امانت دی،حضرت میاں صاحب نے رات گیارہ بجے مقامِ ابراہیم کا وقت دیا، وقت ِ مقررہ پر مقامِ ابراہیم پر پہنچ گیا۔ میاں صاحب دعا میں مشغول تھے میں بھی ان کے ساتھ دعا میں شامل ہوگیا ، دعا سے فراغت کے بعد چند باتیں ہوئیں ، اس وقت حضرت میاں صاحب نے فرمایا : میری تمام کتابیں تم پاکستان میں چھاپو ، میری طرف سے اجازت ہے۔ اس پر میں نے عرض کیا :\n
\nآپ کے صاحبزادے(مولانا سید حامد میاں صاحب) لاہور میں موجود ہیں ، یہ کام وہ بہتر کر سکیں گے۔ حضرت میاں صاحب نے فرمایا: ان کی لائن الگ ہے، آپ کی لائن کتابوں کی اشاعت کی ہے ،اس لیے آپ یہ کام کریں ۔ پاکستان واپسی کے بعد مشورے سے یہ طے ہوا کہ لاہور سے مولانا سیّد حامد میاں صاحب (رحمة اللہ علیہ) ہی شائع کریں گے چنانچہ\'\' علماء ہند کا شاندار ماضی\'\' اور \'\'تحریک شیخ الہند \'\'انہوں نے شائع کیں ۔ کئی سال بعد مولانا حامد میاں صاحب نے مجھ سے فرمایا کہ تمام کتابیں خراب ہورہی ہیں ، دیمک بھی لگ گئی ، اس لیے سب کراچی لے جاؤ ،وہ میرے پاس آگئیں ، اس کی رقم حضرت مولانا سیّد حامد میاں صاحب کو کتب فروخت کر کے دے دی۔ حضرت مولانا سیّد محمد میاں صاحب حج کرکے دہلی چلے گئے اور باقاعدہ تحریری اجازت بھی عطا فرمائی\'\'\n
\nوالد محترم نے اپنے والد گرامی حضرت مولانا قاری شریف احمد صاحب نور اللہ مرقدہ کی سرپرستی میں جہاں ان کی تالیفات وتصنیفات چھاپیں ،وہیں سبحان الہند حضرت مولانا احمد سعید صاحب دہلوی کی \'\'کشف الرحمن\'\' سب سے پہلی مرتبہ دہلی کی اشاعت کا عکس اٹھاکر دو جلدوں میں شائع کی۔ اس زمانے میں چھاپنے کے لیے کتاب کا عکس بٹر پیپر پر نہیں ہوتا تھا بلکہ پازیٹیو (فلم) بنائی جاتی تھیں وہی زر کثیر خرچ کر کے بنوائی گئیں ۔ کشف الرحمن میں قرآنِ مجید کو حضرت قاری صاحب نے پڑھا اور جہاں جہاں اعراب کی غلطیاں رہ گئیں تھیں ان کی تصحیح کی گئی تھی ، اس کی اشاعت کراچی میں ان ہی دنوں جوتے والوں کی برادری کے ایک بزرگ نے بھی کی تھی اور وہ علماء میں مفت تقسیم کرتے تھے ۔ انہوں نے حضرت سبحان الہند کے لڑکے سے کہا کہ مکتبہ رشیدیہ کراچی نے کشف الرحمن چھاپی ہے انہیں روکیں وہ حضرت قاری صاحب کے پاس مدرسے میں دکھنی مسجد آئے اور کہا کہ آپ نے حضرت سبحان الہند کی اولاد سے اجازت نہیں لی ہے اس لیے اسے بند کردیں ۔ ساتھ میں عدالتی کارروائی کی دھمکی بھی دی !\n
\nحضرت قاری صاحب نے فرمایا کہ آپ ہندوستان میں چھاپ کرہمیں بھیج دیں ،ہم بند کردیں گے، ہم نے تو حضرت سبحان الہند کا نام زندہ رکھا ہے اور آپ اعتراض کر رہے ہیں ؟ آپ سے جو ہوسکتا ہے کیجیے ۔ وہ اپنا سامنہ لے کر چلے گئے۔\n
\nوالد محترم دار العلوم دیوبند کے صد سالہ اجلاس کے بعد ہندوستان گئے تو کشف الرحمن کے چند نسخے لے گئے اور حکیم الاسلام حضرت مولانا قاری محمد طیب صاحب (مہتمم دار العلوم دیوبند) کو اور حضرت مولانا سیّد اخلاق حسین صاحب قاسمی کو بھی پیش کیا ،اس کے علاوہ کئی شخصیات کو بھی پیش کیا ۔\n
\nبعد میں والد محترم نے زرِکثیر صرف کر کے اس کی کتابت کرائی تووہ چار جلدوں میں ہوگئی اور الحمد للہ چھپ رہی ہے۔ حضرت سبحان الہند کی کتابیں بھی والد محترم نے شائع کی ہیں ۔\n
\nافضل المفسرین حضرت مولانا شبیر احمد صاحب عثمانی رحمة اللہ علیہ کی کتاب \'\'فتح المُلہم\'\' شرح صحیح مسلم (عربی) جو کراچی میں ایک صاحب جن کا جماعت اسلامی سے بہت گہرا تعلق تھا اور وہ جماعت اسلامی کے چوتھے امیر کے خسر تھے ، اور لطف یہ کہ ان کے گھر کی خواتین شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد صاحب مدنی سے بیعت تھیں چھاپ رہے تھے ،لیکن ظلم انہوں نے یہ کیا کہ پہلی جلد سے مقدمہ نکال دیا اور تیسری جلد بھی نہیں چھاپی۔ والد محترم نے اسے مکمل چھاپ دیا، ان صاحب کو بہت برا لگا، لیکن انہوں نے اس کی اشاعت روک دی اور والد محترم اسے چھاپتے رہے فتح المُلہم کی اشاعت میں حضرت جی مولانا سید حامد میاں صاحب کی خواہش کو دخل تھا۔\n
\nحضرت مولانا سعید احمد صاحب اکبر آبادی سے ان کی تصانیف کی اجازت باقاعدہ لی اورانہیں اس کی مد میں ایک معقول رقم ادا کی جو ان کا حق تھا ! ایک لطیفہ یہ ہواکہ اس وقت معاہدے میں ایک صاحب مولانا فضل ربی صاحب ندوی بھی تھے جن کے دستخط بھی ہوئے معاہدے کے بعد سب سے پہلے ان ہی نے مولانا کی کتاب\'\' عثمان ذوالنورین \'\' شائع کی ۔\n
\nمکتبہ رشیدیہ کراچی کی فہرست دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کتنی قیمتی کتابیں والد صاحب مرحوم نے شائع کی ہیں ، اللہ تعالیٰ اسے نجات کا ذریعہ بنائے، آمین !\n
\nوالد محترم نے دو کتابیں بھی تالیف فرمائیں ایک\'\' آسان تجوید القرآن\'\' دوسری\'\' آسان لہجات القرآن\'\' ۔ حکیم الاسلام حضرت مولانا قاری محمد طیب صاحب قاسمی کی وہ تقاریر جو حضرت قاری صاحب کے مدرسہ میں انہوں نے فرمائی تھیں انہیں مرتب کیا ہے ۔حضرت قاری شریف احمد صاحب کی کتاب \'\'تاریخ حرمین شریفین\'\' پر نظر ثانی اور اضافے کیے ہیں ۔\n
\nوالد محترم کانکاح اپنی تایازاد سے ہوا ،حضرت قاری صاحب نے اپنی بیاض میں لکھا ہے :\n
\n\'\'عقد (نکاح) : ہمراہ صاحبزادی حکیم حافظ بشیر احمد صاحب، مالک فیض عالم دوا خانہ یونانی ، مورخہ ٢١ ذی الحجہ ١٣٨٦ھ/ مطابق ٢ اپریل ١٩٦٧ئ، رام سوامی جیون اسٹریٹ کراچی\'\'\n
\nآپ کا نکاح خطیب الامت حضرت مولانا احتشام الحق صاحب تھانوی نے پڑھایا تھا آپ کی اولاد میں پانچ بیٹے اور دوبیٹیاں ہیں ، ان میں سے ایک بیٹے حافظ منیر احمد صاحب شریفی ١٧ صفر المظفر١٤٢٥ھ/ ٨ اپریل ٢٠٠٤ء اکتیس سال کی عمر میں طویل بیماری کے بعد فوت ہوگئے یہ اولاد میں پانچویں اور بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھے۔\n
\nدوسرے بیٹے ضمیر احمد صاحب ١١ شوال المکرم ١٤٤١ھ/ ٣ جون ٢٠٢٠ء کو اکیاون برس کی عمر میں انتقال کر گئے فرحمہما اللّٰہ تعالٰی ! باقی تین بیٹے تنویر احمد شریفی ، حافظ فرید احمد شریفی اور توفیق احمد شریفی سلمہم ہیں ۔\n
\nوالد محترم جامع مسجد سٹی اسٹیشن کراچی اور مسجد عائشہ پاکستان چوک کے نگران تھے مسجد البرید جنرل پوسٹ آفس کے بھی ٹرسٹی تھے۔\n
\nمدرسہ تعلیم القرآن شریفیہ، قرآن منزل قاری شریف احمد اسٹریٹ پاکستان چوک کے مہتمم تھے ۔ مدرسہ تعلیم القرآن شریفیہ کے فارغ شدہ حفاظ کی تنظیم\'\' تنظیم القرأ و الحفاظ\'\' کے چیئرمین ٹرسٹی تھے ۔ مجلس یادگار شیخ الاسلام پاکستان کراچی کے صدر تھے۔ جامعہ یوسفیہ بنوریہ شرف آباد کراچی کے بھی ٹرسٹی تھے۔ اس کے علاوہ بہت سے خیرکے کاموں میں ان کا حصہ تھا جس کا علم بعد میں ہوا، آپ کا بیعت واِرادت کا تعلق اُستا د محترم حضرت مولانا سیّد حامد میاں صاحب سے تھا۔\n
\nآپ نے \'\' المُخزن پرنٹرز\'\' کے نام سے پرنٹنگ پریس بھی قائم کیا جس کا افتتاح شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد صاحب مدنی قدس اللہ سرہ کے داماد حضرت مولانا سیّد رشید الدین صاحب (مہتمم مدرسہ شاہی مراد آباد )کے دست مبارک سے ہوا تھا۔\n
\nاللہ تعالیٰ ہمیں ان کے خیر کے کاموں کو آگے بڑھانے کی توفیق عطا فرمائے، آمین !\n
\n٭٭٭\n
\n\n
\n\n
\n\n
\n\n
\nقسط : ١\n
\nعہد مغلیہ کی تعلیمی حالت : ایک تاریخی و تجزیاتی مطالعہ\n
\nThe Educational Conditions of the Mughal Era\n
\nA Historical and Analytical Study\n
\n٭٭٭\n
\n( مولانا سید حسان میاں صاحب ، نائب مہتمم جامعہ مدنیہ لاہور )\n
\nپی ایچ ڈی اسکالر، یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور پاکستان\n
\n٭٭٭\n
\nتعارف اور تاریخی حقیقت :\n
\nبرصغیر پاک و ہند کی صدیوں پر محیط تاریخ میں عہدِ مغلیہ(١٥٢٦ء تا ١٨٥٧ء )ایک ایسا درخشاں دور ہے جسے عام طور پر صرف سیاسی فتوحات، عسکری طاقت، شاندار طرزِ تعمیر اور درباری ثقافت کی رونقوں کے حوالے سے ہی یاد کیا جاتا ہے۔ نصابی کتابوں سے لے کر عوامی گفتگو تک، مغلوں کی پہچان کو زیادہ تر ان کے شاہی محلات، جنگی حکمت ِعملیوں اور درباری شان و شوکت تک محدود کر دیا گیا ہے۔ لیکن اس عظیم الشان دور کی علمی گہرائی، فکری ترقی اور تعلیمی حالت تاریخ کا ایک ایسا اوجھل اور گمشدہ باب ہے جس کو اس انداز سے پیش نہیں کیا گیاجوکرنا چاہیے تھا۔\n
\nفکری مسماری اور موجودہ مقالے کا ہدف :\n
\nچنانچہ عہدِ مغلیہ کے تعلیمی منظرنامے کا ازسرِنو جائزہ لینا محض ایک تاریخی تفریح نہیں بلکہ ایک ناگزیر علمی ضرورت ہے ! جب تک ہم برصغیر پر قابض انگریز مورخین کے قائم کردہ اس متعصبانہ اور یکطرفہ بیانیے کی فکری مسماری(Deconstruction)نہیں کریں گے، تب تک ہم مغل دور کے اس حقیقی تعلیمی ڈھانچے، نصابِ تعلیم اور علمی خود کفالت کا درست ادراک حاصل نہیں کر سکتے جو لارڈ میکالے کے استعماری تعلیمی منٹ ١٨٣٥ء کی نذر ہو گیا ١ اس پس منظر میں یہ بنیادی تحقیقی سوال ابھرتا ہے کہ\n
\n١ غاصبانہ قبضہ ، غاصبانہ تسلط،کسی ملک کے تمام وسائل پر قبضہ کرکے اس سے فائدہ حاصل کرنا اور اس ملک کے باشندوں کو ذلیل و خوار کرنا استعماریت کہلاتا ہے۔\n
\nکیا عہدِ مغلیہ کا ہندوستان واقعی علمی و تعلیمی اعتبار سے پسماندہ تھا، یا یہ تصور برصغیر پر قابض انگریز مورخین کا مرتب کردہ ایک فکری مغالطہ(Intellectual Fallacy) ہے۔ یہ مقالہ اسی فکری خلا کو پُر کرنے اور تاریخ کے اس مسخ شدہ باب کو اس کے اصل علمی تناظر میں دیکھنے کی ایک سنجیدہ تحقیقی کوشش ہے۔\n
\nریاستی پالیسی اور بنیادی مغل ماخذ(Primary Sources)کا تضاد :\n
\nبرصغیر پر قابض انگریز مورخین کے اس بے بنیاد پروپیگنڈے کے برعکس کہ مغل عہد میں تعلیم کی کوئی باقاعدہ ریاستی پالیسی موجود نہیں تھی، اُس دور کے اپنے سرکاری اور نیم سرکاری بنیادی ماخذ ایک بالکل مختلف اور روشن حقیقت پیش کرتے ہیں ! مغل بادشاہوں کے دور میں تعلیم محض کوئی نجی، اتفاقی یا انفرادی عمل نہیں تھی، بلکہ اسے اعلیٰ ترین سطح پر باقاعدہ ریاستی سرپرستی حاصل تھی۔ مغلوں کے عہد کے شاہی فرامین، مالیاتی اوقاف کے قوانین اور دفتری دستاویزات یہ ثابت کرتی ہیں کہ حکومت مدارس (School) کے قیام ، اساتذہ کی معاشی خود مختاری اور تعلیمی معیار کو برقرار رکھنے میں براہِ راست حصہ لیتی تھی !\n
\nیہ مغل ماخذ واضح کرتے ہیں کہ ریاست نے علم کی ترویج کے لیے ایک مستقل انتظامی ڈھانچہ قائم کر رکھا تھا جس کا بنیادی مقصد معاشرے میں علم و ہنر کو عام کرنا تھا۔ برصغیر پر قابض انگریز حکام نے اپنے غاصبانہ قبضے کو جائز ثابت کرنے کے لیے مغلوں کی اس منظم تعلیمی کوشش کو دانستہ طور پر نظر انداز کیا، تاکہ یہاں کی مقامی آبادی کو فکری طور پر پسماندہ ثابت کیا جا سکے۔ اس نظام کی وسعت اور گہرائی کو سمجھنے کے لیے ہمارے پاس متعدد بنیادی ماخذ موجود ہیں ، جن میں سے بیشتر کو اسی عہد کے چشم دید گواہوں یا خود اس نظام کے معماروں نے تحریر کیا ہے۔\n
\nآئینِ اکبری اور منصب ِصدر الصدور : مالی خود مختاری کا ریاستی نظام\n
\nان ہی بنیادی ماخذات میں شہنشاہ جلال الدین اکبر کے وزیر ابوالفضل علامی کی شہرہ آفاق تصنیف آئینِ اکبری( تقریباً ١٥٩٠ء )سب سے نمایاں ہے۔ یہ کتاب محض ایک درباری تاریخ نہیں بلکہ مغلیہ نظامِ تعلیم، اس کے انتظامی ڈھانچے اور ریاستی پالیسیوں کا ایک مستند انسائیکلوپیڈیا ہے ! اس میں ابوالفضل نے تفصیل سے بتایا ہے کہ مغل سلطنت میں علمی وظائف کا انتظام کس قدر باقاعدہ تھا :\n
\nThe Sadr, also called Sadr us Sudr, is the chief of the Emperor\'s ecclesiastical department ... His Majesty has appointed an officer, distinguished by the title of Sadr, for the purpose of bestowing subsistence allowances on the learned and the pious ... It is his duty to investigate the circumstances of the applicants ... and to assign to each a suitable allowance. (1)\n
\n\'\' صدر، جسے صدر الصدور بھی کہا جاتا ہے، شہنشاہ کے مذہبی (دینی)امور کے شعبے کا سربراہ ہوتا ہے۔ بادشاہ سلامت نے صدر کے معزز لقب سے ایک افسر مقرر کیا ہے، جس کا مقصد اہل علم اور پرہیزگاروں کو وظائف اور مالی امداد (مددِ معاش)عطا کرنا ہے ...یہ اس کا فرض ہے کہ وہ درخواست گزاروں کے حالات کی جانچ پڑتال کرے... اور ہر ایک کے لیے مناسب وظیفہ مقرر کرے \'\'\n
\nمذکورہ بالا سرکاری عبارت سے یہ واضح طور پر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ کس طرح شہنشاہ نے صدر الصدور کے عہدے کے تحت علمائ، محققین اور صلحا کے لیے مددِ معاش (تعلیمی وظائف)کا ایک مستقل اور باقاعدہ محکمہ قائم کیا تھا تاکہ علم کا حصول معاشی فکر سے آزاد ہو سکے۔\n
\nاکبری عہد کا تدریسی طریقہ کار اور نصابِ تعلیم :\n
\nریاستی سطح پر مالی سرپرستی کا یہ انتظام کرنے کے بعد، شہنشاہ اکبر نے صرف اسکولوں کی مالی امداد پر ہی بس نہیں کیا،بلکہ آگے چل کر وہ مکاتب کے طریقہ تعلیم (Pedagogy) اور نصاب کے لیے بھی باقاعدہ شاہی ہدایات جاری کرتے ہیں ۔ ابوالفضل کے مطابق\n
\n(1) Abul Fazl Allami, The Ain i Akbari, trans. H. Blochmann, Vol. 1 (Calcutta: Asiatic Society of Bengal, 1873), 278-285.\n
\nHis Majesty orders that every school boy must learn to write the letters of the alphabet first and then learn to trace their several forms. He ought to learn the shape and name of each letter... after which the boy should learn some prose and poetry by heart, and then commit to memory some verses to the praise of God, or moral sentences. ( Abul Fazl, Ain i Akbari, 1:288 )\n
\n\'\'بادشاہ سلامت کا حکم ہے کہ مکتب (اسکول)کے ہر بچے کو سب سے پہلے حروفِ تہجی لکھنا سیکھنا چاہیے اور پھر ان کی مختلف شکلوں کی مشق کرنی چاہیے۔ اسے ہر حرف کا نام اور اس کی بناوٹ اچھی طرح سیکھنی چاہیے اس کے بعد بچے کو کچھ نثر اور شاعری زبانی یاد کرنی چاہیے، اور پھر خدا کی حمد و ثنا پر مبنی کچھ اشعار اور اخلاقی اقوال ذہن نشین کرنے چاہئیں \'\'\n
\nآپ بادشاہ کی اپنی قلمرو ١ کے معصوم بچوں سے متعلق اس دلی خیر خواہی اور علمی دلچسپی کا اندازہ لگا سکتے ہیں کہ تعلیم کے طریق کار میں کس طرح بچوں کی نفسیات کے مطابق پہلے حروفِ تہجی، پھر خطاطی و بناوٹ، اس کے بعد نثر و نظم، اور پھر بلند کردار سازی کے لیے اخلاقی جملے حفظ کرائے جانے کا باقاعدہ ریاستی حکم دیا تھا۔ یہ اس بات کا پختہ ثبوت ہے کہ مغلوں کا تعلیمی ڈھانچہ کتنا مربوط اور ترقی یافتہ تھا۔\n
\nاکبر کے اس تعلیمی ڈھانچے اور آئینِ اکبری کی ان دستاویزی گواہیوں سے یہ بات تو ثابت ہوجاتی ہے کہ سولہویں صدی کے اواخر تک مغلوں کا تعلیمی نظام کس قدر مستحکم تھا۔ اب یہ دیکھنا نہایت دلچسپ اور علمی ضرورت کا تقاضا ہے کہ اکبر کے بعد آنے والے مغل سلاطین، خصوصاً شاہجہان اور اورنگزیب عالمگیر کے ادوار میں اس ریاستی نظامِ تعلیم نے کس طرح مزید وسعت اختیار کی اور یہ کارواں آگے بڑھتا ہوا کس طرح سترہویں اور اٹھارویں صدی میں داخل ہوا۔\n
\n١ سلطنت ، مملکت و ملک\n
\nعہدِ جہانگیری میں علم کی ترویج اور آگرہ کا تعلیمی ماحول :\n
\nاکبری دور کے بعد، اس تعلیمی نظام کی وسعت اور گہرائی کو سمجھنے کے لیے ہمارے پاس متعدد دوسرے بنیادی ماخذ بھی موجود ہیں جیساکہ مغل شہنشاہ نور الدین جہانگیر ، جن کی اپنی لکھی ہوئی خودنوشت سوانح عمری\'\' تزکِ جہانگیری \'\' ١ علمی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس کتاب میں انہوں نے نہ صرف اپنے عہد کی شاندار علمی فضا کو تفصیل سے بیان کیا ہے بلکہ اس بات کا بھی برملا اعتراف کیا ہے کہ دارالحکومت آگرہ کس طرح علم و ہنر کا مرکز بن چکا تھا :\n
\nThe inhabitants of Agra exert themselves greatly in the acquirement of crafts and the search after learning. Various professors of every religion and creed have taken up their abode in the city. (2)\n
\n
\n\'\' آگرہ کے رہنے والے ہنر سیکھنے اور علم حاصل کرنے میں بہت زیادہ تگ و دو کرتے ہیں ، اسی لیے یہ شہر صناعوں (ہنر مندوں )اور طلب علوم سے بھرا ہوا ہے۔ یہاں ہر دین، عقیدے اور مذہب و ملت سے تعلق رکھنے والے مختلف اساتذہ، ماہرین اور علماء آباد ہیں جنہوں نے اس شہر کو اپنا مسکن بنا لیا ہے \'\'\n
\nمدارس کی مالی معاونت اور جہانگیر کا انقلابی قانون :\n
\nعہدِ جہانگیر کی ایک اور اہم تاریخی دستاویز نامور مورخ محمد ہاشم خوافی خاں کی تصنیف \'\'منتخب اللباب\'\' ہے جس میں جہانگیر کے ایک ایسے انقلابی اور تاریخی قانون کا ذکر ملتا ہے جس نے تعلیمی اداروں کو مستقل مالی تحفظ فراہم کیا۔ اس سرکاری قانون کے مطابق :\n
\n١ تزک سے مراد کسی بادشاہ یا حکمران کی خود نوشت سوانحِ عمری (Autobiography)، روزنامچہ یا یادداشتیں (memories) ہوتی ہیں ۔\n
\n(2) Nur al-Din Jahangir, The Tuzuk-i-Jahangiri, trans. A. Rogers, ed. H. Beveridge, Vol.1 (London: Royal Asiatic Society, 1909), 3.\n
\n\'\'جہاں کہیں بھی سلطنت کی حدود میں کوئی امیر یا تاجر بغیر کسی حقیقی یا متبنیٰ وارث کے مر جاتا، اس کی تمام جائیداد ریاست کے حوالے کر کے مدارس اور خانقاہوں پر خرچ کی جاتی تھی\'\'\n
\nیہ شاہی قانون اس بات کا سب سے بڑا اور بین ثبوت ہے کہ مغل سلطنت میں تعلیمی اداروں کی مالی معاونت اور بقا کو ریاست کی اوّلین ترجیح حاصل تھی۔ شہنشاہ جہانگیر نے علم پروری کی جو یہ پائیدار روایت قائم کی، آگے چل کر مغل سلاطین نے اسی روایت کو مزید آگے بڑھایا، اور اس سلسلے میں اورنگزیب عالمگیر نے بھی تعلیم کے فروغ اور سرپرستی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔\n
\n(جاری ہے )\n
\n\n
\n\n
\n\n
\n\n
\nاہم اعلان\n
\n٭٭٭\n
\nشیخ الحدیث حضرت مولانا سید محمود میاں صاحب نور اللہ مرقدہ کی شخصیت و خدمات پر انوار مدینہ کی ایک خصوصی اشاعت کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں معاصرین ، تلامذہ ، متعلقین ومحبین حضرات کے تاثرات بھی شامل ہوں گے ! جو حضرات اپنے مضامین و مقالات ، تاثرات ، تعزیتی پیغامات یا منظوم کلام ارسال فرمانا چاہیں ، جلد از جلد درج ذیل پتہ ، ای میل یا واٹس ایپ نمبر پر ارسال فرما دیں \n
\nعلاوہ ازیں اگر کسی کے پاس شیخ الحدیث حضرت مولانا سید محمود میاں صاحب کے ہاتھ کا لکھا ہوا مکتوب یا تحریر موجود ہو تو اسے بھی ارسال فرما دیں ! !\n
\nجو حضرات اپنے تاثرات زبانی بتانا چاہیں ، وہ اپنے نام ، پتے اور مکمل تعارف کے ساتھ درج ذیل نمبر پر صوتی پیغام (وائس میسج ) بھی ارسال فرما سکتے ہیں \n
\nاگر مضمون ، مقالہ ، مکتوب یا تاثرات کمپوز شدہ ہوں تو ان کی کمپیوٹر فائل بھی ای میل یا واٹس ایپ فرمادیں تو نوازش اور ادارے کے ساتھ دوہرا تعاون ہوگا\n
\nرابطہ : ڈاکٹر محمد امجدغفرلہ\n
\nجامعہ مدنیہ جدید محمد آباد ١٩ کلومیٹر شارع رائیونڈ لاہور\n
\n03334249302\n
\n\n
\n\n
\n\n
\n\n
\nقسط : ٢ ، آخری\n
\nحضرت مولانا سیف الرحمن صاحب کابلی\n
\n( مولانا محمد معاذ صاحب لاہوری ، فاضل جامعہ مدنیہ لاہور )\n
\n٭٭٭\n
\nندو ةالعلما ء میں تقرر کی کوششیں :\n
\nمولانا سیف الرحمن کابلی ابھی ٹونک ہی میں تھے کہ آپ کی شہرت ہندوستان کے مؤقر اداروں میں پہنچ چکی تھی، یہ اس دور کی بات ہے جب ندوة العلما ء کے سرپرست علامہ شبلی نعمانی تھے، مولانا حبیب الرحمن شروانی نے ندوة کے طلبہ کی بعض عملی معاملات میں سستی کو شبلی کے سامنے رکھا تو علامہ نے ان کے بہترین حل کے لیے مولانا سیف الرحمن کابلی کے وجود کو ندوة العلماء میں ہونا لازم قرار دیا اور مولانا شروانی سے اصرارا کہا جیسے کیسے ہو مولانا کابلی کو ندوہ بلائیے، ہم یہاں خطوط شبلی کے متعلقہ حصے دے رہے ہیں ، ان سے علامہ شبلی کی نظر میں مولانا سیف الرحمن کابلی کے تدین اور علمی قد کا اندازہ ہوتا ہے، علامہ لکھتے ہیں :\n
\n\'\'اس میں کچھ شبہ نہیں کہ طلبہ میں تقدس کا اثر نہیں ہے، آپ نے مجھ سے بیان کیا تھا کہ ایک دفعہ ندوے کے لڑکے ڈیپوٹیشن کے طور پر بھیکن پور بھی گئے تھے، ان کی وضع سے آپ نے سمجھا کہ علی گڑھ کے لڑکے ہیں ۔ یہ میری موجودگی سے قبل کا زمانہ ہے اس کی وجہ، میں نے بہت سوچا اس کے سوا کوئی نہیں کہ ابتدا سے آج تک کوئی پرنسپل مقدس اور بااثر نہیں ملا\'\'\n
\nاس سے آگے مولانا کابلی کے متعلق لکھتے ہیں :\n
\n\'\'اس کی تدبیر صرف یہ ہے کہ کوئی مقدس بزرگ ہاتھ آئیں ، مولوی سیف الرحمن صاحب کی تعریف مولوی مسیح الزمان صاحب بہت کرتے ہیں ، میں نے ان کو کہا لیکن وہ پچاس پر نہیں آتے۔ بہرحال یہ معاملہ موجودہ صورت حال میں معمولی معاملہ نہیں \'\' ١\n
\nیہ خط٢٩ستمبر١٩١٠ء کا ہے، ایک ماہ بعد٢٧ اکتوبر کے خط میں بھی علامہ شبلی نے مولانا کے تقرر کی تاکید کی، شبلی لکھتے ہیں : مولوی سیف الرحمن کو بلوائیے اور تقرر کیجیے ٢\n
\nتحریک شیخ الہند میں کردار :\n
\nحضرت مولانا سیف الرحمن صاحب کابلی مجاہد ملت حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی کے تلمیذ رشید تھے، حریت و جہاد کا سبق آپ نے درس حدیث کے ساتھ ساتھ رشیدی درگاہ ہی سے حاصل کیا تھا ، حضرت شیخ الہند بھی اسی درگاہ کے خوشہ چین تھے اس لیے دونوں حضرات کی ذہنی ہم آہنگی میں زیادہ وقت نہ لگا، مولانا کابلی جب فتح پوری میں صدر مدرس ہوئے تو اسی زمانہ میں امام انقلاب مولانا عبیداللہ سندھی فتح پوری ہی کی عمارت میں \'\' نظارة المعارف\'\' کے نام سے دفتر قائم کر کے تحریکی کام کا آغاز کرچکے تھے ! ان حضرات کی نہ صرف باہمی مشاورت قائم رہی بلکہ کبھی کبھی اس مشاورت میں حضرت شیخ الہند بھی شریک ہوا کرتے تھے ! مولانا خان بہادر مارتونگی فرماتے ہیں :\n
\n\'\'جب حضرت مولانا سیف الرحمن صاحب اپنے اسباق سے فارغ ہوجاتے تو وہ اور مولانا سندھی مسجد فتح پوری کے محراب میں خفیہ مشورے کرنے لگتے ٣\n
\nریشمی خطوط سازش کیس میں بھی ان مشوروں کے متعلق درج ہے :\n
\n\'\'اس سلسلہ میں مولانا (حضرت شیخ الہند) دلی بھی گئے اور فتح پوری دلی کے مولوی سیف الرحمن اور عبیداللہ سے مشورے کیے \'\' ٤\n
\n١ خطوط شبلی بنام شروانی، سلسلہ مکاتیب ِاکابر ندوة العلما ء بنام مولانا حبیب الرحمن خان شروانی، ترتیب و تدوین: فیصل احمد ندوی، سن اشاعت: ٢٠٢٠ء طابع: اے آر انٹرپرائز نئی دہلی، صفحہ١٤٢ ٢ خطوط شبلی بنام شروانی، صفحہ١٤٥\n
\n٣ مارتونگ بابا کی کہانی ص ٢٤ ٤ ریشمی خطوط سازش کیس مشمولہ تحریک شیخ الہند ص ٢٧٤\n
\nریشمی خطوط سازش کیس اور ریشمی خطوط کی ڈائری میں متعدد مقامات پر آپ کا تذکرہ نام بنام درج ہے جس سے بخوبی معلوم کیا جاسکتا ہے کہ آپ تحریک کے کسی قدر سرگرم اور اہم کارکن تھے ! ! ہم ان اقتباسات کو مختصر پس منظر کے ساتھ یہاں درج کر رہے ہیں ،تفصیلات کے لیے تحریک شیخ الہند مطبوعہ مکتبہ رشیدیہ کراچی ملاحظہ فرمائیں !\n
\nتحریک شیخ الہند کے ظاہر ہونے کے بعد محکمہ سی آئی ڈی نے مقدمہ چلانے کے لیے ایک استغاثہ پیش کیا جس میں تفصیلات سے قبل اُن انسٹھ حضرات کے نام درج ہیں جن پر مقدمہ چلایا گیا اور ان میں سے بعض کے بیان بھی لیے گئے، استغاثہ کی ابتدائی سطور جن سے اس کا مدعی واضح ہوتا ہے یہ ہے :\n
\nبیان استغاثہ سپرٹینڈنٹ پولیس\n
\nعرض گزار ہے کہ مندرجہ ذیل اشخاص نے یکم جنوری ١٩١٣ء اور یکم جنوری ١٩١٧ء کے درمیان برطانوی ہند کے اندر اور باہر سازش کی ہے، ملک معظم شہنشاہ کی افواج کے خلاف جنگ کرنے کی، جنگ کے لیے کوشش کرنے کی اور جنگ میں مدد دینے کی کوشش کرنے کی ، یا اس بات کی کوشش کی ہے کہ ملک معظم شہنشاہ کو برطانوی ہند کے اقتدارِ اعلیٰ سے محروم کردیں ،یہ کارر وائیاں ضابطہ فوجداری ہند کی دفعہ ١٢١ الف کے تحت مستلزم سزا ہیں ١\n
\nاس کے بعد ان اُنسٹھ حضرات کے نام درج ہیں جو تحریک کے اہم کردار تھے ان میں نمبر ٥٤ پر ہمارے ممدوح کا نام درج ہے :\n
\n٥٤ : سیف الرحمن مولوی پسر غلام خان آف پشاور ضلع سرحدی صوبہ (مفرور ہے) ٢\n
\nریشمی خطوط سازش کیس کے خلاصہ میں درج ہے :\n
\nآزاد علاقے کو مولوی سیف الرحمن کا مشن :\n
\nجون ١٩١٥ء میں مولوی سیف الرحمن جو فتح پوری مسجد میں استاذ تھے اچانک غائب ہوگئے ،\n
\n١ تحریک شیخ الہند ص٢٥٠ ٢ تحریک شیخ الہند ص ٢٥٦\n
\nبعد میں معلوم ہوا کہ وہ شمال مغربی سرحد کو عبور کرکے آزاد علاقے میں پہنچ گئے ہیں وہ فوراً حاجی صاحب ترنگزئی سے وابستہ ہوگئے وہ ضلع پشاور کا ایک پُرجوش لیکن بااثر کٹر متعصب ہندوستانی تھا اور ہجرت کرکے آزاد علاقے میں آگیا تھا، اس نے حاجی صاحب کو مجبور کیا کہ علَم جہاد بلند کرنے کی ان تھک کوشش میں سرحد کا دورہ کریں ، وہ کامیاب رہا۔ اس کا ثبوت ان واقعات سے مل گیا جن کے نتیجے میں ١٥ اگست ١٩١٥ء کو رستم کے مقام پر جنگ ہوئی جس میں کئی متعصب ہندوستانی کام آئے۔\n
\nاس کے بعد ہماری سرحدوں پر رہنے والے قبائل کی بے چینی اور شورشیں بھی حاجی صاحب کی کوششوں کا نتیجہ تھیں ، اس وقت یہ بات معلوم نہ تھی لیکن بعد میں اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ سیف الرحمن کے مشن کی ذمہ داری بھی عبیداللہ پر ہے یہ اس کی سازش کا ایک لازمی حصہ تھا ١\n
\nمؤرخ ملت حضرت مولاناسید محمد میاں دیوبندی کے مطابق اس پیراگراف میں چند باتیں خلاف ِ اصل درج ہیں جن کی تردید دیگر قرائن سے ہوتی ہے مثلاً پیراگراف میں درج ہے کہ حاجی صاحب ترنگ زئی پر جہاد کے لیے زور مولانا کابلی نے دیا تھاجبکہ حقیقت یہ ہے کہ حاجی صاحب کو مجبور حضرت شیخ الہند نے کیا تھا البتہ اس مشن کو لے کر روانہ مولانا کابلی ہی ہوئے تھے، ملک معظم کو پیش کیے گئے استغاثہ کے فقرہ ٣١ میں اس کی وضاحت درج ہے !\n
\n\'\'٣١ : آزاد علاقہ میں منصوبہ کی پیش رفت سے بظاہرمولانا مطمئن نہ تھے کیونکہ ان کی ہدایت پرجون ١٩١٥ء میں چار سازشی یعنی سیف الرحمن ،حاجی ترنگزئی، فضل ربی اور فضل محمود اِس لیے سرحد پار بھیجے گئے تاکہ سرحدی قبائل کو جہاد کے لیے اور برطانیہ کے خلاف جنگ کے لیے اُکسائیں ،ان مولویوں نے جو کچھ کیا وہ اس مقدمہ کی تفصیل کا ایک حصہ ہے\'\' ٢\n
\nاستغاثہ کے فقرہ ٥٥ میں درج ہے :\n
\n٥٥ : دریں اثنا ١٩١٥ء میں حاجی صاحب ترنگ زئی اور مولوی فضل ربی، فضل محمود اور عبدالعزیز وسیف الرحمن سرحد پار کافی( سر)گرم رہے، ان کو مولانا\n
\n١ تحریک شیخ الہند ص ٢٣٥ ٢ تحریک شیخ الہند ص ٢٧٤ و ٢٧٥\n
\nنے شورش پھیلانے کے لیے بھیجا تھا چنانچہ برطانیہ کے خلاف جنگ میں بہت سے قبائلیوں نے حصہ لیا ! ١\n
\nسرکار کو جو استغاثہ پیش کیا گیا تھا اس میں دوسرا نام عبدالباری جیلانی پسر غلام جیلانی کا ہے یہ صاحب اصلاً ساکن محلہ قاضی جالندھر کے تھے جبکہ استغاثہ کے وقت لائل پور میں نظر بند رتھے ! مؤرخ ملت مولانا محمد میاں دیوبندی نے ان کے بیان کو تحریک کی تاریخ کے اعتبار سے اہم سمجھ کر شامل کیا اس بیان میں مولانا سیف الرحمن کابلی کے ورود کابل کے بارے میں درج ہے :\n
\n\'\'اس کے کچھ دن بعد مولانا سیف الرحمن کابل پہنچے وہ عبیداللہ کا پرانا دوست تھا وہ مسجد علیا حضرت میں ٹھہرے جہاں ہم نے بھی ان سے ملاقات کی اس نے کہا کہ اس نے پنجاب سے نقل وطن کیا اور برطانیہ کے خلاف فوجی کارروائیوں میں حصہ لیا ہے \'\' ٢\n
\n\'\'امام انقلاب مولاناعبیداللہ سندھی نے ١٠ جولائی ١٩١٦ء کو شیخ عبدالرحیم کے نام خط لکھا، اس خط میں حضرت شیخ الہند کے نام ایک خط جس میں تحریک سے متعلق منصوبہ ،جنود ربانیہ کے عہدوں اور عہدہ داروں کی تفصیلات درج تھیں ۔ یہ خطوط شیخ عبدالحق نو مسلم کے ذریعے شیخ عبدالرحیم کو بھجوائے گئے تھے مگر خدا کا کرنا ایسا ہوا کہ یہ خطوط اس کے پاس سے اس کے سابقہ مالک خان بہادر رب نواز خان کو ملے جسے اس نے گورنر پنجاب مائیکل اوڈوائر کو پہنچادیا \'\' ٣\n
\nحضرت شیخ الہند کو بھیجے اس خط میں مولانا کابلی کا ذکر خیر ہے، ہم اس اندارج سے قبل خط کا ایک اقتباس درج کر رہے ہیں جس سے جنود ربانیہ کا تعارف حاصل ہوتا ہے حضرت سندھی لکھتے ہیں :\n
\nدوسری جماعت الجنود الربانیہ : یہ فوجی اصول پر مخصوص اسلامی جماعت ہے جس کا مقصد ِ اوّلیہ سلاطین اسلام میں اعتماد پیدا کرنا ہے اس کا صدر جس کا نام\n
\n١ تحریک شیخ الہند ص ٢٨٨ ٢ تحریک شیخ الہند ص ٣٣٤ ٣ تحریک شیخ الہند ص ٣٨٤\n
\nفوجی قاعدہ سے جنرل یا القائد ہے حضور کو قرار دیا گیا ہے اور مرکز اصلی مدینہ منورہ اس لیے خیال ہے کہ حضور مدینہ منورہ میں رہ کر خلافت علیا سے افغانستان وایران کے ساتھ معاہدہ کی سعی فرمائیں اور افغانستان کے متعلق نیز یا غستان کے متعلق تجویز کو خدام تک پہنچا دینا کافی خیال فرمائیں ١\n
\nاس خط میں صورت ِ حال کی وضاحت کرتے ہوئے مولانا کابلی کے بارے میں حضرت سندھی تحریر فرماتے ہیں :\n
\n\'\'بندہ یاغستان ایک ماہ قیام کر کے وفد مہاجرین کے ساتھ کابل پہنچا، مولاناسیف جماعت سے الگ ہوکر یہاں مقیم ہیں ان کے لیے دولت کی طرف سے کام کی تجویز ہورہی ہے \'\' ٢\n
\nاس عریضہ کے آخر میں حضرت سندھی نے جن حضرات کا دعا وسلام حضرت شیخ الہند کی خدمت میں عرض کیا ان میں مولانا سیف الرحمن کابلی بھی شامل ہیں ملاحظہ فرمائیں :\n
\nبندہ حصول قدم بوسی کی سعی میں ہے اللہ تعالیٰ سے امید ہے کہ کامیاب ہوں گا مولانا الناظم و مولانا سیف، فضلین و عبدالعزیز وجملہ مہاجرین طلبہ سلام عرض کرتے ہیں \'\' ٣\n
\nاس خط کے ساتھ ہی جنودِ ربانیہ کا خاکہ اور اس خاکہ کے مطابق عہدہ داران کے نام ہیں ، مولانا کابلی جنود ربانیہ میں معین سالار (میجر جنرل) کے عہدہ پر تھے ! ٤\n
\nریشمی خطوط ڈائریکٹری کے پیش لفظ میں درج ہے :\n
\nاس ڈائریکٹری کا مقصد اُن لوگوں کی شناخت اور پہچان میں آسانی پیدا کرنا ہے جن کا ریشمی خطوط کی سازش سے براہِ راست تعلق تھا اور اسی سلسلے میں ان کی\n
\n١ تحریک شیخ الہند ص ٣٦١ ٢ تحریک شیخ الہند ص ٣٥٩ ٣ تحریک شیخ الہند ص ٣٦٢ ٤ تحریک شیخ الہند ص ٣٦٥\n
\nکارروائیوں کو مختصر بیان کرنا ہے، یہ تمام تحریریں سی آئی ڈی کی مرتب کردہ رپورٹ کا ترجمہ ہے اور اسی کی زبان ہے \'\' ١\n
\nڈائریکٹری میں ١٩٦ نمبر پر مولانا کابلی کے بارے میں درج ہے :\n
\n\'\' ١٩٦ : سیف الرحمن مولوی صاحب ولد غلام خان ساکن متھرا تھانہ شنکر گڑھ شمالی مغربی سرحدی صوبہ !\n
\nمولانا محمود حسن نے جہاد کی جو سازش تیار کی تھی اُس میں ایک اہم ترین شخص ہے سیف الرحمن درانی خاندان کا ہے، اس کا خاندان کابل سے ترکِ وطن کر کے پشاور آیا اور اسی ضلع میں سکونت پذیر ہوگیا۔ علی گڑھ میں مولوی لطف اللہ سے مذہبی تعلیم حاصل کرنے کے بعد سیف الرحمن بالآخر شاہ جہان پور کے اسلامیہ سکول کا ہیڈ ماسٹر بن گیا، اس کے بعد وہ ریاست ٹونک پہنچا اور ایک ریاستی سکول میں ملازمت اختیار کر لی تقریباً پانچ برس ہوئے سیف الرحمن دلی چلا گیا اور مسجد فتح پوری کے سکول کا ہیڈ ماسٹر بن گیا !\n
\nجون ١٩١٥ء تک وہ دلی میں رہا جبکہ مولانا محمود الحسن، عبیداللہ اور ابو الکلام آزاد کی اسکیموں کے تحت سرحد پار کر گیا، وہ حاجی صاحب ترنگ زئی پر اثر ڈال کر ان سے غلط اقدامات کراتا رہا، جن کا وہ خود ہی سیکرٹری بن گیا تھا ،سیف الرحمن کے اثر سے حاجی صاحب ہمیشہ آزاد قبائل اور مجاہدین میں تعصب کا جوش پیدا کرنے میں سرگرمی سے مصروف رہتا ہے، ١٩١٥ء میں سرحد پار جو لڑائیاں ہوئیں ان کی ذمہ داری بڑی حدتک اس پر ہے، اب وہ کابل میں ہے ، جنود ربانیہ کی فہرست میں میجر جنرل ہے حضرت مولانا کے نام عبیداللہ کے خطوط میں بھی اس کا ذکر ہے \'\' ٢\n
\nہندوستان کی قسمت میں اس وقت انگریزوں کے تسلط سے آزادی مقدر میں نہیں تھی اس لیے\n
\n١ تحریک شیخ الہند ص ٣٨٥ ٢ تحریک شیخ الہند ص٤٧٣\n
\nآپ ایک عرصہ افغانستان ہی میں قیام پذیر ہوگئے آپ کی قبر پر نصب تعارفی کتبے سے آپ کے افغانستان کے کچھ حالات کا علم ہوتا ہے ،کتبے پر درج ہے :\n
\n\'\'فروری ١٩١٩ء میں امیر حبیب اللہ خان کے قتل کے بعد جب امان اللہ خان برسر اقتدار آ ئے تو انہوں نے تمام مجاہدین اسلامیہ (کو) اپنے ساتھ ملاکر آزادی کی جدوجہد شروع کردی، افغانستان کی آزادی کے بعد افغانستان کی طرف سے مولانا سیف الرحمن کو سفیر بنا کر بخارا، روس، یورپ اور سعودی عرب بھیج دیا گیا ! شاہ عبدالعزیز بن سعود کے ساتھ امان اللہ خان نے جو معاہدہ کیا اس معاہدہ میں آپ ہی کا ہاتھ کار فرما تھا ! سعودی عرب سے واپسی پر کچھ عرصہ افغانستان میں قاضی القضاة کے عہدے پر فائز رہے۔ اعلیٰ حضرت محمد نادر شاہ کے دور میں پہلی مرتبہ حج بیت اللہ اور روضہ ٔ رسول صلی اللہ عليہ وسلم کی زیارت کا شرف حاصل ہوا۔\n
\n١٩٤٩ء میں مولانا سیف الرحمن ارض ِ پاک کو اپنا ابدی قرار بنانے کی نیت سے چوتھی مرتبہ حج بیت اللہ کے لیے روانہ ہوئے مگر اس مرتبہ قدرت کو کچھ اور منظور تھا پشاور چار سدہ پہنچ کر مولانا قلب کی بیماری میں مبتلا ہوئے\'\'\n
\nحکیم الاسلام حضرت مولانا قاری محمد طیب صاحب قاسمی مہتمم دار العلوم دیوبند سفر افغانستان کے دوران نہ صرف آپ سے ملے بلکہ آپ کے گھر مہمان بھی رہے قاری صاحب لکھتے ہیں :\n
\n\'\'میں جب ١٣٥٨ھ میں افغانستان حاضر ہوا تو بقید حیات تھے اور میرے ساتھ غیر معمولی محبت وادب واحترام بلکہ نیاز مندی سے پیش آتے تھے حالانکہ میں ان کا ایک حقیر خورد تھا ، آپ زبردست مجاہد تھے جہاد کا جوش سینے میں اُبلتا ہوا رکھتے تھے ہٹلر نے جب یورپ پر حملہ کیا تو میں اُس وقت کابل ہی میں تھا اور اتفاق سے مولانا ہی کے مکان پر موجود تھا، حملہ کی خبر سنتے ہی جوش مسرت میں روپڑے ، سجدہ میں گر گئے اور فرمایا :\n
\n\'\' خدا واندا تیرا شکر ہے کہ بھیڑیوں میں باہم جنگ شروع ہوگئی جس سے انسان کے بچ جانے کی توقع ہوگئی \'\' ١\n
\nعلمی فیض :\n
\nمولانا سیف الرحمن کابلی تحریک شیخ الہند میں شمولیت سے قبل تمام عرصہ تدریس سے وابستہ رہے اس تمام عرصے میں نہ جانے کس قدر علماء نے آپ سے فیض حاصل کیا ہوگا ،ناچیز نے مدرسہ عالیہ فتح پوری دہلی رابطہ کی کوشش کی تاکہ وہاں سے آپ کے مستفیدین کی تعداد معلوم کروائی جاسکے، مدرسہ رابطہ تو ہوا مگر معلوم یہ ہوا کہ مدرسہ عالیہ میں قدیم ریکارڈ بالکل بھی محفوظ نہیں ! !\n
\nناچیز کا سلسلہ سند صحیح مسلم کے ذریعے آپ سے وابستہ ہے ، ناچیز نے صحیح مسلم (١٤٣٩ ھ ۔١٤٤٠ ھ) میں جامعہ مدنیہ کریم پارک میں استاذ العلماء حضرت مولانا مفتی محمد عقیل صاحب مد ظلہم سے پڑھی ، آپ نے ١٤١٢ ھ۔ ١٤١٣ھ دار العلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں جامع المعقول والمنقول حضرت مولانا مغفور اللہ مدظلہم سے پڑھی ، انہوں نے ١٣٨٤ ھ ۔ ١٣٨٥ ھ دار العلوم اسلامیہ سید و شریف میں صحیح مسلم کتاب الایمان سے آخر تک حضرت مولانا عبد المجید صاحب بازار گئی سے پڑھی ٢ آپ نے مدرسہ عالیہ فتح پوری میں ١٣٣٣ ھ میں مولانا سیف الرحمن کا بلی سے پڑھی ! !\n
\nآخر میں آپ نے حرمین شریفین میں مستقل قیام کے ارادے سے سفر کیا ،افغانستان سے آپ اپنے آبائی علاقہ متھرا نو تشریف لائے یہاں آپ کی طبیعت خراب ہوئی علاج معالجہ چلتا رہا مگر افاقہ نہ ہوا، بالآخر ٧ جمادَی الاولیٰ ١٣٦٩ھ/ ٢٥ فروری ١٩٥٠ء بروز ہفتہ صبح نو بجے آپ کا انتقال ہوا ! آپ کی قبر متھرانو ہی میں زیارت گاہ خاص وعام ہے ! !\n
\n١ تاریخ دار العلوم دیوبند مرتبہ حکیم الاسلام مولانا قاری محمد طیب ، ناشر : دار الاشاعت مولوی مسافر خانہ کراچی طبع اوّل ستمبر ١٩٧٢ء ص ٧٣\n
\n٢ آپ کا تذکرہ راقم کے قلم سے ماہنامہ انوار مدینہ فروری ٢٠٢٥ ء میں طبع ہوا ہے ۔\n
\n٭٭٭\n
\n\n
\n\n
\n\n
\n\n
\nاخبار الجامعہ\n
\n( جامعہ مدنیہ جدید محمد آباد رائیونڈ روڈ لاہور)\n
\n٭٭٭\n
\n٢٥ ربیع الاوّل ١٤٤٨ھ / ٨ ستمبر ٢٠٢٦ء جامعہ مدنیہ جدید کی مجلس شوریٰ کا اجلاس سرپرست جامعہ قائد ِ جمعیة حضرت مولانا فضل الرحمن صاحب دامت برکاتہم کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں جامعہ مدنیہ جدید کے انتظامی معاملات پر تفصیلی غور ہوا اور فوری طور پر یہ فیصلہ صادر کیا گیا کہ\n
\nمولانا رشید میاں صاحب مدظلہ انجمن جامعہ مدنیہ جدید کے امیر (مہتمم )ہوں گے\n
\nجامعہ کی شوریٰ کے اراکین میں تین ارکان کے اضافے کا فیصلہ کیا گیا\n
\n(١)حضرت مولانا صاحبزادہ خلیل احمد صاحب ، سجادہ نشین خانقاہ سراجیہ کندیاں شریف\n
\n(٢)حضرت مولانا محب النبی صاحب ، مہتمم دارالعلوم مدنیہ لاہور\n
\n(٣)اور حضرت مولانا نعیم الدین صاحب ، استاذ الحدیث جامعہ مدنیہ قدیم لاہور\n
\nکی تقرری بحیثیت رکنِ شوریٰ کی گئی !\n
\nمولانا مسعود میاں صاحب اور مولانا عکاشہ میاں کی اہم عہدوں پر تقرری کا اختیار امیر(مہتمم )انجمن جامعہ مدنیہ جدید لاہور مولانا رشید میاں صاحب کو سپرد کیا گیا !\n
\nبعد ازاں ٢٧ ربیع الاوّل ١٤٤٨ھ/١٠ ستمبر ٢٠٢٦ء بروز منگل جامعہ مدنیہ جدید کے مہتمم حضرت مولانا سید رشید میاں صاحب مدظلہم نے جامعہ مدنیہ جدید کی مجلس شوریٰ کے اراکین کے مشورہ سے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ حضرت مولانا سید مسعود میاں صاحب مدظلہم کو جامعہ کا نائب مہتمم اور مولانا عکاشہ میاں صاحب کو ناظم الامور مقرر کیا جائے، جامعہ سے متعلق مزید کئی تنظیمی امور بھی طے کیے گئے ! !\n
\n\n
\n\n
\n\n
\n\n
\nوفیات\n
\n٭٭٭\n
\n٭ ١٨ صفر المظفر ١٤٤٨ھ/٢ اگست ٢٠٢٦ء کو بانی جامعہ حضرت مولانا سید حامد میاں صاحب کے خلیفہ و مجاز حضرت مولانا قاری شریف احمد صاحب کے اکلوتے صاحبزادے ، مدرسہ تعلیم القرآن شریفیہ قرآن منزل کے مہتمم محترم قاری رشید احمد صاحب کراچی میں انتقال فرماگئے !\n
\n٭ ٥ اگست ٢٠٢٦ء کو جامعہ مدنیہ کے مخلص خیر خواہ ، تنظیم القراء و الحفاظ ٹرسٹ پاکستان کے صدر محترم حافظ شہاب الدین صاحب قریشی کراچی میں انتقال فرماگئے !\n
\n٭ ١٩ ربیع الاوّل ١٤٤٨ھ/٢ ستمبر ٢٠٢٦ء کو برکة العصر شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا صاحب کاندھلوی کے خلیفہ و مجاز ،شیخ الحدیث مدرسہ عربیہ رائیونڈ حضرت مولانا محمد احسان الحق صاحب انتقال فرماگئے، اللہ تعالیٰ حضرت کی دینی خدمات کو قبول فرماکر جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب فرمائے !\n
\n٭ ٢٦ستمبر٢٠٢٦ء کو جامعہ مدنیہ کریم پارک کے قدیم پڑوسی حاجی منظور احمد صاحب کے جواں سال بیٹے وقاص احمد بمرض کینسر وفات پاگئے !\n
\n٭ ٢٤ ستمبر ٢٠٢٦ء کو جامعہ مدنیہ جدید کے فاضل مولانا زاہد خلیل صاحب کے والد گرامی جناب خلیل احمد صاحب اچانک کوٹ عبدالمالک میں وفات پاگئے۔\n
\nاِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ\n
\nاللہ تعالیٰ جملہ مرحومین کی مغفرت فرماکر جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اُن کے پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق نصیب ہو، آمین۔ جامعہ مدنیہ جدید اور خانقاہِ حامدیہ میں مرحومین کے لیے ایصالِ ثواب اور دعائے مغفرت کرائی گئی اللہ تعالیٰ قبول فرمائے ، آمین !\n
\n٭٭٭\n
\n\n
Email us your queries on jamiamadniajadeed@gmail.com you will be answered in less than 24 hours or Give us a call directly at +92 333 4249302, +92 333 4249 301.